خداکا واسطہ مخلوط حکومت کانام نہ لیں، ایک جماعت کو پورامینڈیٹ ملنا ضروری ہے، نوازشریف

اپ ڈیٹ 08 فروری 2024
نواز شریف نے کہا کہ ہم قربانیاں دےکریہاں تک پہنچےہیں—فوٹو:ڈان نیوز
نواز شریف نے کہا کہ ہم قربانیاں دےکریہاں تک پہنچےہیں—فوٹو:ڈان نیوز
نوازشریف، مریم نواز نے عون چوہدری کے حق میں ووٹ ڈالا—فوٹو:ڈان نیوز
نوازشریف، مریم نواز نے عون چوہدری کے حق میں ووٹ ڈالا—فوٹو:ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مخلوط حکومت نہیں ہونی چاہیے بلکہ ایک جماعت کو پورا مینڈیٹ ملنا ضروری ہے۔

نوازشریف اور ان کی صاحبزادی پارٹی کی چیف آگنائزر مریم نواز نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128لاہور میں استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے امیدوار عون چوہدری کے حق میں اپنے ووٹ ڈالا۔

ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عوام گھروں سے نکلیں ووٹ کاسٹ کریں۔

نواز شریف نے کہا کہ قوم کو دیے گئے گالی گلوچ کلچر کا خاتمہ ہوگا، لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں آئیں گی، مہنگائی کا خاتمہ ہوگا، پاکستان کے لوگ خوشحال زندگی بسر کرسیں گے، یہی لوگوں کا خواب ہے جسے شرمندہ تعبیر ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کے اس خواب کو بکھیرا گیاجس سے ہمارے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوگیا ہم ان شا اللہ اسے درست کریں گے۔

قائد مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مسائل کے حل کے لیے ایک پارٹی کو اکثریت ملنا بہت ضروری ہے تب ہی اس ملک کے مسائل حل ہوسکتے ہیں، ایک پارٹی کو پورا مینڈیٹ ملنا چاہیے تاکہ اسکا دوسروں پر دارومدار نہ ہو۔

نواز شریف نے کہا کہ ہم قربانیاں دےکریہاں تک پہنچےہیں، مریم نواز کی بہت زیادہ جدوجہد ہے، انہوں نے بہت برے وقت میں پارٹی کے لیے بہت کام کیا ہے، مشکل حالات کا سامنا کیا، جیلیں کاٹیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح شہباز شریف اور ہمارے دوسرے ساتھیوں کی بہت خدمات ہیں جنہوں نے قربانیاں دی ہیں۔

قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ لوگوں کے حقوق ان کے دروازے تک پہنچنے چاہییں جنہیں ہم پہنچائیں گے۔

اس موقع پر مریم نواز اور آئی پی پی کے رہنما عون چوہدری بھی نواز شریف کے ہمراہ موجود تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں