امیر بالاج قتل کیس: ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

27 مارچ 2024
واضح رہے کہ سی آئی اے پولیس نے احسن شاہ کو امیر بالاج کی مخبری کے الزام میں حراست میں لیا تھا—فائل فوٹو:ڈان نیوز
واضح رہے کہ سی آئی اے پولیس نے احسن شاہ کو امیر بالاج کی مخبری کے الزام میں حراست میں لیا تھا—فائل فوٹو:ڈان نیوز

لاہورکی مقامی عدالت نے امیربالاج کے قتل کے مقدمے میں گرفتار ملزم احسن شاہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

لاہورکی ضلع کچہری کی جوڈیشل مجسٹریٹ ثروت بتول نے امیر بالاج قتل کیس میں پولیس کی درخواست پرسماعت کی۔

کیس کے مرکزی ملزم احسن شاہ کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا گیا، پولیس نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔

عدالت نے ملزم احسن شاہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔

واضح رہے کہ سی آئی اے پولیس نے احسن شاہ کو امیر بالاج کی مخبری کے الزام میں حراست میں لیا تھا،احسن شاہ مقتول امیر بالاج کا قریبی دوست اوراس پر مقدمہ میں نامزد ملزموں کے ساتھ رابطوں کا الزام ہے، احسن شاہ نے مبینہ طور پر مخبری کے لئے نامزد ملزموں سے رقم وصول کی۔

واضح رہے کہ میڈیا رپورٹ کے مطابق 19 فروری کو لاہور کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں شادی کی تقریب کے دوران حملہ آوروں نے فائرنگ امیر بالاج ٹیپو کو قتل کردیا تھا۔

لاہور پولیس کے مطابق ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا امیر بالاج ٹیپو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال بلا کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شریک تھا۔

شادی کی تقریب کے دوران وہاں موجود ایک حملہ آور نے فائرنگ کردی جس سے امیر بالاج ٹیپو سمیت تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق امیر بالاج ٹیپو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، مقتول امیر بالاج ٹیپوکے محافظوں کی فائرنگ سے حملہ آور بھی موقع پر مارا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں