’ٹیکس دہشت گردی کا سامنا ہے‘، بھارتی کانگریس کو دوسرا نوٹس بھی مل گیا

29 مارچ 2024
اجے ماکن نے کہا قانون ہماری طرف ہے، ہمیں اس میں کوئی شک نہیں ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
اجے ماکن نے کہا قانون ہماری طرف ہے، ہمیں اس میں کوئی شک نہیں ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارت کی مرکزی اپوزیشن جماعت نے کہا ہے کہ اس سے ٹیکس کی مد میں اضافی 18.2 ارب روپے (21 کروڑ 80 لاکھ ڈالر) ادا کرنے کو کہا گیا ہے، جسے اس نے عام انتخابات سے چند ہفتے قبل محکمہ ٹیکس کی جانب سے مالی طور پر مفلوج کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق محکمہ انکم ٹیکس کے تازہ نوٹس کو ’ٹیکس دہشت گردی‘ قرار دیتے ہوئے کانگریس کے خزانچی اجے ماکن نے صحافیوں کو بتایا کہ پارٹی عدالت میں اس مطالبے کا مقابلہ کرے گی۔

بھارت میں عام انتخابات میں 19 اپریل سے یکم جون کے درمیان سات مراحل میں ووٹ ڈالے جائیں گے، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کے جیتنے اور مسلسل تیسری بار وزارت عظمیٰ حاصل کرنے کی امید ہے۔

اجے ماکن نے کہا کہ ’قانون ہماری طرف ہے، ہمیں اس میں کوئی شک نہیں ہے، لیکن جب تک ہمیں ریلیف ملے گی، انتخابات ختم ہو جائیں گے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ سپریم کورٹ اس کیس کی سماعت یکم اپریل کو کرے گی۔

محکمہ ٹیکس کے ترجمان نے فوری طور پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا، جو کہ عام تعطیل ہے۔ محکمہ ٹیکس نے کہا ہے کہ وہ انفرادی ٹیکس نوٹسز پر تبصرہ نہیں کر سکتا کیونکہ وہ خفیہ ہوتے ہیں۔

اپوزیشن جماعت کانگریس، جس پر گاندھی-نہرو خاندان کی حکومت رہی ہے، ایک زمانے میں بھارت کی سب سے غالب سیاسی جماعت تھی اور اس نے نریندر مودی پر محکمہ ٹیکس کے ذریعے انتخابات سے قبل اسے ’مالی طور پر معذور‘ کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا ہے۔

گزشتہ ماہ پارٹی نے کہا کہ حکام نے 19-2018 کے زیر التوا ایک ٹیکس کیس میں اس کے کچھ بینک اکاؤنٹس کو منجمد کر دیا ہے جس میں 1.35 ارب روپے شامل ہیں، اور عدالت میں اس کا مقابلہ کرنے کی اس کی درخواست کو مسترد کر دیا گیا تھا۔

نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کہا ہے کہ ٹیکس کا معاملہ سیاسی نہیں ہے۔

یہ پوچھے جانے پر کہ ٹیکس کے دو مطالبات کے بعد پارٹی کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے کتنی رقم باقی رہ جائے گی، اجے ماکن نے کہا کہ ’آپ کو لگتا ہے کہ اس کے بعد کچھ باقی رہ جائے گا؟‘

کانگریس نے برطانیہ سے آزادی کے بعد سے اپنے 76 سالوں میں سے 54 سالوں تک بھارت پر حکومت کی ہے، لیکن 2014 میں نریندر مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ووٹرز کا اعتماد جیتنے کی کوشش کر رہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں