سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ و بارود برآمد کر لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اور 7 اپریل کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

اس سلسلے میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ علاقے میں پائے جانے والے دوسرے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔

خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں منجیولا چوک کے قریب دہشت گردوں کی پولیس گاڑی پرفائرنگ سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) گل محمد خان گن مین سمیت شہید اور 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

گزشتہ روز ہی سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسمٰعیل خان، پنجگور اور شمالی وزیرستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔

5 اور 6 اپریل کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بلوچستان کے ضلع پنجگور میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا تھا جس میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد اسد حسرت سمیت 2 دہشت گردوں مارے گئے تھے۔

اسی طرح 6 اپریل کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا تھا جس میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں