شہریار آفریدی کے بیان نے پی ٹی آئی کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا، رانا تنویر

28 اپريل 2024
وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر— فائل فوٹو: ڈان نیوز
وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر نے کہا ہے کہ شہریار آفریدی کے بیان نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا، بانی پی ٹی آئی اینڈ کمپنی پہلے بھی اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر آئی اور اب بھی پاؤں پڑنے کی کوشش میں ہے۔

مسلم لیگ(ن) کے رہنما نے میڈیا سے گفتگو کے دوران تحریک انصاف کے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور سیاسی بات چیت پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کی باتیں پاگل پن ہیں اور فاشسٹ ذہنیت کی عکاسی ہے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا چڑھائی کا شوق پورا کر لیں، ہم اگلے روز گورنر راج لگا کر عقل ٹھکانے لگا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہریار آفریدی کے بیان نے پی ٹی آئی کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا، بانی پی ٹی آئی اینڈ کمپنی پہلے بھی اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر آئی اور اب بھی پاؤں پڑنے کی کوشش میں ہے۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی جب تک سیاسی سوچ پیدا نہیں کرے گی اس سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم بے اختیار وفاقی حکومت سے نہیں بلکہ صرف آرمی چیف، ڈائریکٹر جنرل انٹر سروس انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی) اور پاکستان کی فوج کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ یہ (موجودہ حکمران) مذکرات کرنے کا کہتے ہیں لیکن یہ خود اس کے اہل ہی نہیں ہیں، ہم مذکرات کریں گے صرف آرمی چیف کے ساتھ، ڈی جی آئی ایس آئی کے ساتھ، پاکستان کی فوج کے ساتھ۔

شہریار آفریدی کے بیان سے ایک روز قبل ہی پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی نے تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئیں ملک کے لیے حکومت کے ساتھ بیٹھیں اور بات کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں