ویسٹ انڈین ویمنز ٹیم نے پاکستان کو تیسرے ٹی20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹی20 میچ میں ویسٹ انڈینز ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

کپتان ہیلی میتھیوز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے لگاتار دوسرے نصف سنچری اسکور کی جس کی بدولت مہمان ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے۔

ہیلی میتھیوز نے 49 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے جبکہ شیمین کیمبل 31 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے 2 جبکہ طوبیٰ حسن اور ندا ڈار نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان کو اوپنرز عائشہ ظفر سدرہ امین نے 9 اوورز میں 64 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا جس کے بعد عائشہ کی 22 گیندوں پر 19 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

سدرہ نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 58 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی باری کھیلی جبکہ منیبہ علی نے 12 اور کپتان ندا ڈار نے 17 رنز بنائے۔

جب سدرہ آؤٹ ہوئیں تو پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنائے تھے اور میزبان ٹیم کو فتح کے لیے 15 گیندوں پر 14 رنز درکار تھے۔

بظاہر ایک آسان فتح پاکستان کی منتظر تھی لیکن ہیلی میتھیوز نے بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی عمدہ کارکردگی کے ساتھ ساتھ شاندار قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم سے جیتی بازی چھین لی۔

پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنا سکی اور ویسٹ انڈیز نے دلچسپ مقابلے کے بعد میچ میں 2 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

اس میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کر لی۔

ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز کو 68 رنز اور 2 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں