پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مزدوروں کاعالمی دن ان کے حقوق کے تحفظ کے عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

اس سال اس دن کا موضوع ’موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں کام کی جگہ کو محفوظ اور مزدوروں کی صحت کو یقینی بنانا‘ ہے۔

مختلف سرکاری اور نجی تنظیموں نے محنت کشں طبقے کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کانفرنسز اور سیمینارز سمیت مارچ کے انعقاد کا اہتمام کیا ہے، آج پاکستان میں بھر میں عام تعطیل بھی ہے۔

صدر، وزیراعظم کامزدوروں کی فلاح وبہبود، حقوق کے تحفظ کیلئے حکومتی عزم کا اعادہ

صدر مملکت آصف علی زرداری نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ محنت کش طبقے کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے مناسب اجرت، کام کے لیے محفوظ ماحول، صحت کی سہولیات اور ان کے بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے بارے اقدامات کی ضرورت ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ آج کا عالمی دن ملکی سماجی اور اقتصادی ترقی کے لیے انتھک کوشش کرنے والے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سال مزدوروں کے عالمی دن کا موضوع موسمیاتی تبدیلیوں کے دوران کام کی جگہ پر سلامتی اور صحت کو یقینی بنانا ہے، ہم مزدور کے وقار کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے اور ان کی تاریخی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ دن مزدوروں کے حقوق، ان کے سماجی تحفظ، منصفانہ اجرت اور کام کےلئے محفوظ ماحول بارے کوششیں کرنے کی یاد دلاتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں مزدور اور محنت کش طبقے کو مہنگائی، ضروریات زندگی کی بڑھتی قیمتوں، بے روزگاری اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، محنت کش طبقے کے حالات کو بہتر بنانے کےلئے مناسب اجرت، کام کے لیے محفوظ ماحول، صحت کی سہولیات اور مزدوروں کے بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے استحصال کے خاتمے،سماجی تحفظ کے پروگرام شروع کرنے، حقوق کے تحفظ کےلئے پالیسیوں کے نفاذ اور عمل درآمد میں ریاست کا اہم کردار ہے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ آج ہم دل کی گہرائیوں سے ملک کی ترقی میں قابل ستائش کردار ادا کرنے والے محنت کشوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں، خطرناک ماحول میں کام کرنے والے مزدوروں کو ضروری تربیت اور حفاظتی سامان کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی، امید ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گی، استحصالی طریقوں کے خاتمے اور مزدوروں کے لیے سماجی تحفظ کے پروگرام شروع کرنا ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں محنت کش اور مزدور طبقے کے لیے ایسا سازگار ماحول پیدا کریں جہاں ان کی قدر اور عزت کی جائے، آجر منصفانہ اجرت، مزدوروں کی سلامتی اور صحت کے لیے اقدامات کریں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے حقوق کے لیے ناقابل فراموش جدوجہد کرنے اور جانوں کی قربانیوں دینے والے مزدوروں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ نیشل ٹرائی پاٹرائیٹ لیبر کانفرنس کا جلد افتتاح کیا جائے گا جس میں مزدوروں کی حفاظت اور صحت پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی ۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم بہتر رہائش کی سہولیات، تعلیم ، علاج معالجے کی اور سماجی تحفظ کی سہولیات کی فراہمی کے ذریعے اپنے کارکنوں کے کام اور رہن سہن کی بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عالمی یوم مزدور کے موقع پر کہا ہے کہ میں یوم مزدور پر دنیا بھرکے محنت کشوں کو سلام پیش کرتی ہوں، محنت کش اللہ کے دوست ہیں، اللہ کے دوستوں کو میرا سلام، دینِ اسلام نے کسب حلال کے لیے محنت کو عظمت کا درجہ اور محنت کش کی عزت کا شعور دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں محنت کرکے خاندان کا سہارا بننے والی کارکن خواتین کو خصوصاً خراج تحسین پیش کرتی ہوں، مزدور صنعت و حرفت کےستارے ہیں، ہر محنت کش ،ہر مزدور ہر کارکن حقیقی ہیرو ہے، مزدور کا عزم و حوصلہ ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہیں، دنیا کی ہر عمارت، ہر پل، ہر شاہراہ اور ہر پراجیکٹ میں مزدور کا خون پسینہ شامل ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ ہم محنت کشوں کے حقوق کے احترام کا عہد کرتے ہیں، حکومت مزدوروں کے معیار زندگی بلند کرنے اور ان کی خوشحالی کے لیے پر عزم ہے، محنت کشوں کے لیے مناسب اجرت، تحفظ اور احترام یقینی بنانا ہوگ، آئیے مزدوروں اور محنت کش کے احترام کے کلچر کو فروغ دیں۔

وزیر اعلٰی بلوچستان نے یوم مزدور کے حوالے سے پیغام میں کہا کہ مزدورکسی بھی معاشرے اور ملک کی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں،بلوچستان میں مزدوروں کی بہبود کے لیے عملا کام کررہا ہے، دنیا میں تکنیکی مہارت سے آراستہ افرادی قوت کی طلب بہت زیادہ ہے ، عزم کیا ہے مزدور کا بچہ وہیں پڑھے گا جہاں صاحب حیثیت کا بچہ پڑھتا ہے۔

گورنرپنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے یوم مزدور کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں مزدوروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، میں فیکٹریوں، کھیتوں کے مزدوروں سمیت پسینہ بہا کررزق حلال کمانے والے محنت کشوں کو سلام پیش کرتا ہوں

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی ترقی اور اسے مضبوط خطوط پر استوار کرنے میں محنت کشوں کا کلیدی کردار ہے، صنعت کاروں کو چاہیے کہ وہ کام کی جگہ پر مزدوروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں