جنوبی امریکی برازیل میں آنے والے سیلاب نے 80 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، جس میں اب تک 100 افراد ہلاک جب کہ 400 کے قریب زخمی اور 15 لاکھ تک بے گھر ہو چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برازیل میں بارشوں اور لینڈ سلائڈنگ کے بعد آنے والے سیلاب نے وہاں کی ریاست ریو گرانڈے ڈو سل کے 497 سے 417 شہروں کو پانی کی لپیٹ میں لے لیا۔

سیلاب سے ریاست کے ڈیمز پانی سے بھر چکے ہیں اور ان میں پانی کی سطح 1947 کے بعد سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی اور پانی بڑھنے کی وجہ سے ہی ریاست کے زیادہ شہر سیلاب کی لپیٹ میں آئے ہیں۔

سیلاب کی وجہ سے متعدد شہروں کے درجنوں علاقے مکمل طور پر ڈوب چکے ہیں جب کہ درجنوں دیہات بھی پانی کی نظر ہو چکے ہیں۔

![—فوٹو: رائٹرز(https://i.dawn.com/primary/2024/05/092142452c47f7b.jpg?r=214250)

ریاستی دارالحکومت کے ایئرپورٹ سمیت دیگر شہروں کے ایئرپوٹس بھی زیر آب ہیں اور وہاں فضائی سروس بھی معطل ہے۔

شہروں اور دیہاتوں کے ڈوبنے کے بعد وہاں جانور بھی اپنی جان بچانے کے لیے گھروں کی چھتوں پر چڑھ گئے۔

ریاست ریو گرانڈے ڈو سل ریاست میں سیلابی پانی میں ڈوبے ایک علاقے میں گھوڑا جان بچانے کے لیے گھر کی چھت پر چڑھ گیا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

چھت پر چڑھ کر جان بچانے والے گھوڑے کی ویڈیو دارالحکومت پورٹو الیگری کے کاروباری علاقے کینوس کی ہے، جہاں گھوڑا پانی میں ڈوبے علاقے کے ایک گھر کی چھت پر چڑھ گیا۔

مذکورہ علاقے کے پانی میں ڈوبنے کے بعد ہیلی کاپٹر سے بنائی گئی ویڈیو میں گھوڑے کو چھت پر تنہا بے یارو مددگار دیکھا جا سکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں