اوم پوری کا لاہور کو خدا حافظ

اپ ڈیٹ 19 مارچ 2014
بولی وڈ اداکار اوم پوری لاہور پریس کلب میں کانفرنس کے دوران۔- اے پی پی فوٹو
بولی وڈ اداکار اوم پوری لاہور پریس کلب میں کانفرنس کے دوران۔- اے پی پی فوٹو

لاہور: معروف ہندوستانی اداکار اوم پوری اور ان کی اہلیہ سیما کپور ایک ہفتے کے دورے کے بعد واہگہ بارڈر کے راستے منگل کو پاکستان سے انڈیا واپس چلے گئے۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اوم پوری نے انکشاف کیا کہ انہیں لولی وڈ کی جانب سے اہم پیشکش ہوئی ہے تاہم انھوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اس پیشکش پر غور کروں گا اور درست وقت پر میڈیا کو اس بارے میں بتاﺅں گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہوریوں کی محبت اور گرم جوشی ناقابل فراموش ہے، میں لاہور آتا رہوں گا کیونکہ میں اس شہر کی محبت میں گرفتار ہوچکا ہوں۔

انھوں نے خواہش ظاہر کی اگر آئندہ پاکستان آنے کا موقع ملا تو وہ سیالکوٹ جانا پسند کریں گے کیونکہ ان کے والد کا تعلق اس شہر سے تھا اور وہ اس سے جذباتی وابستگی محسوس کرتے ہیں۔

بولی وڈ کے اس بزرگ اداکار نے روایتی لاہوری کھانوں کو بھی خوب سراہا خاص طور پر مچھلی کو جو انہیں ایک مقامی ریستوران میں کھانے کا موقع ملا۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ویزہ پالیسی کو نرم ہونا چاہئے، دونوں حکومتوں کو سیاحوں کو مزید سہولیات کیلئے اقدامات کرنے چاہئے۔

اوم پوری نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیاں اور فنکار دونوں ممالک کے عوامی رابطے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، پاکستان اور ہندوستان کو ویزہ امور کے حوالے سے یورپ کی مثال پر عمل کرنا چاہئے۔

سیما کپور نے بھی لاہور کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے یہاں خوب محبتیں سمیٹی ہیں اور اب ہم محبت اور جذبے کے ساتھ واپس جارہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں