لاہور: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے فرزانہ قتل کیس کے پانچ مرکزی ملزمان کے خلاف فردِ جرم عائد کر دی ہے۔

ڈان نیوز ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کورٹ نمبر تین کے جج ہارون لطیف نے کی۔

پولیس کی جانب سے عدالت کو پیش کی گئی تحقیقاتی رپورٹ میں فرزانہ کے والد عظیم، بھائیوں غلام علی اور زاہد اقبال، سابق شوہر مظہر عباس اور ایک قریبی عزیز جہان خان کو قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق عدالت نے پانچوں ملزمان پر فرد جرم عائد کردی اور کیس کی سماعت سات جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے گواہان کو طلب کر لیا ہے۔

فرزانہ پروین کو پسند کی شادی کرنے پرلاہور ہائی کورٹ کے باہر ان کے والد اور بھائی سمیت دو درجن سے زائد حملہ آوروں نے اینٹیں مار کر ہلاک کردیا تھا۔

دن دہاڑے ملک کے دوسرے سب سے بڑے شہر اور صوبائی دارالحکومت میں اس وحشیانہ قتل کی پاکستان سمیت دنیا بھر میں شدید مذمت کی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں