معروف بھارتی فیشن ڈیزائنر ریتو کمار نے 20 سال بعد انکشاف کیا ہےکہ سشمیتاسین مس یونیورس منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے فوٹوشوٹ کے دوران بے ہوش ہوگئی تھیں۔

سشمیتا سین 1993 میں مس انڈیا جب کہ 1994 میں مس یونیورس منتخب ہوئی تھیں، یعنی انہیں حسینہ عالم کے اعزاز سے نوازا گیا تھا۔

مس یونیورس منتخب ہونے کے بعد سشمیتا سین نے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ گزشتہ دو دہائیوں سے بولی وڈ کا حصہ ہیں۔

حال ہی میں بھارتی فیشن ڈیزائنر ریتو کمار نے انسٹاگرام پر سشمیتا سین کی مس یونیورس کے پہلے بھارتی فوٹوشوٹ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اداکارہ شوٹنگ کے دوران بے ہوش ہوگئی تھیں۔

ریتو کمار کے مطابق وہ ہی مس انڈیا کے لیے لباس تیار کرتے تھے، اس لیے 1994 میں سشمیتا سین مس یونیورس بنیں تو انہیں ہی مس انڈیا مقابلہ کرنے والی انتظامیہ نے اداکارہ کا لباس تیار کرنے کا کہا۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ سشیمتا سین نے بھارت میں بطور مس یونیورس پہلا فوٹوشوٹ تاج محل پر کروایا اور اس کے لیے اداکارہ کا لباس رات کی تاریکی میں چند ہی گھنٹوں میں تیار کیا گیا تھا۔

ڈیزائنر کے مطابق انہوں نے پہلے ہی سشمیتا سین کا لباس تیار کیا تھا لیکن انہیں بتایا گیا کہ وہ لباس تاج محل کی مناسبت سے نہیں ہے، اس لیے دوسرا لباس تیار کیا جائے، جس پر انہوں نے رات کو چند گھنٹوں میں اداکارہ کا لباس تیار کیا۔

ریتو کمار نے اعتراف کیا کہ تاج محل پر فوٹوشوٹ کے ناقص انتظامات اور زیادہ کام ہونے کی وجہ سے سشمیتا سین تنگ آ چکی تھیں جب کہ اس دوران وہ بے ہوش بھی ہوگئیں لیکن اگلے دن بھارت سمیت دنیا بھر کے اخبارات میں مس یونیورس کی تاج محل کے سامنے والی تصاویر شائع ہوئیں۔

تبصرے (0) بند ہیں