پشاور:فائرنگ سے تین پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 19 جولائ 2014
نامعلوم کار سوار افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار  اور ایک عام شہری زخمی بھی ہوئے۔فائل فوٹو
نامعلوم کار سوار افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار اور ایک عام شہری زخمی بھی ہوئے۔فائل فوٹو

پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے مضافاتی علاقے پشتخرہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار اور ایک شہری ہلاک ہو گئے جبکہ فائرنگ سے تین دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔

اس حوالے سے سپرینٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کینٹ محمد فیصل کا کہنا تھا کہ تین پولیس اہلکار اور اور ایک عام شہری اس واقعے میں ہلاک ہوئے ہیں، مسلح افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار اور ایک عام شہری زخمی بھی ہوا ہے۔

ہلاک ہونے والوں اور زخمی افراد کو خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔

خیبر ٹیچنگ اسپتال کے عملے کا کہنا تھا کہ سات افراد کو زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا جن میں سے دو پولیس اہلکار اے ایس آئی نور محمد اور پولیس ڈرائیور باز محمد شدید زخموں کے باعث ہلاک ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق پولیس اہلکار شام کے اوقات میں ایک ہوٹل پر افطار کرنے کے لیے رکے تھے اسی دوران وہاں سے گزرنے والی ایک کار میں سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے باعث تین پولیس اہلکار، ایک عام شہری ہلاک اور دیگر افراد زخمی ہوئے۔

پشاور پولیس کے سربراہ اعجاز احمد نے واقعے کی تصدیق کی ہے کہ پولیس اہلکار ایک ہوٹل پر افطار کر رہے تھے جب نامعلوم کار سوار افراد کی جانب سے ان پر فائرنگ کی گئی۔

اعجاز احمد نے ہلاکتوں کی تعداد کی بھی تصدیق کی ہے۔

علاوہ ازیں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے خیبر پولیس چوکی پر نصب کیا گیا دو کلو گرام کا بم ناکارہ بنا دیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ناکارہ بنایا جانے والا بم دیسی ساختہ تھا جس کو چیک پوسٹ کے قریب چھپایا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں