پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر، راحت فتح علی خان اور شفقت امانت علی خان کے بعد ایک اور پاکستانی ہیرو فواد خان نے بولی وڈ انڈسٹری میں قدم رکھ دیا ہے۔

سونم کپور اس بار فزیو تھیرپسٹ کے روپ میں نظر آئیں گی۔
سونم کپور اس بار فزیو تھیرپسٹ کے روپ میں نظر آئیں گی۔

ڈزنی کی فلم 'خوبصورت' کا پہلا باضابطہ ٹریلر سامنے آگیا ہے اور یہ فیصلہ کرنا مشکل ہے کہ کون زیادہ آنکھوں کو بھا رہا ہے۔

سونم کپور جو چلبلی ماہرِ نفسیات بنی ہوئی ہیں یا فواد خان جو ایک سحر انگیز شخصیت کے مالک شہزادے کے روپ میں نظر آرہے ہیں۔

سونم نے خود پسند اور خوش باش ڈاکٹرز کے کردار کا تاثر اپنے خاص انداز کے چمکیلے اسکارف سے ابھارا ہے اور ٹریلر میں نظر آنے والے دیگر ملبوسات کے علاوہ اپنے کریکٹر میں خوب گھلی ملی نظر آتی ہیں۔

مجموعی طور پر سونم کپور نے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر خود کو فیشن کوئین منوا ہی لیا ہے۔

اس کے مقابلے میں فواد خان اپنے کرتا پاجامے میں مدبر اور منظم شخصیت کے حامل نظر آ رہے ہیں اور ہر پہلو سے شہزادے ہی محسوس ہو رہے ہیں۔

کرتا پاجامے میں ملبوس فواد خان کافی ہینڈسم نظر آ رہے ہیں۔
کرتا پاجامے میں ملبوس فواد خان کافی ہینڈسم نظر آ رہے ہیں۔

اس فلم کے پروڈیوسرز سونم کپور کے والد انیل کپور اور بہن ریہا کپور اور سدہاتھ رائے کپور ہیں جبکہ ہدایت کاری کے فرائض کوئک گن مورگن کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے ہدایت کار ششنکا گھوش نے سر انجام دیئے ہیں۔

فلم 'خوبصورت' 19 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی جس میں سونم کے مدِمقابل پاکستانی اداکار فواد خان جلوہ گر ہو رہے ہیں جبکہ دیگر اداکاروں میں کرن کھیر، رتنا پاٹھک اور ادیتی راؤ حیدری شامل ہیں۔

سونم کپور کی فلم 'خوبصورت' 1980 میں ریلیز ہونے والی فلم خوبصورت کا ریمیک ہے، جس میں راکیش روشن اور ریکھا مرکزی کرداروں میں شامل تھے۔

دوسری جانب فواد خان نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ان کی یہ فلم بولی وڈ میں اچھوتی ثابت ہوگی، اب 'خوبصورت' کس قدر شائقین کے دلوں کو بھاتی ہے اس کے لیے 19 ستمبر تک انتظار کرنا ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں