جنگ بندی ختم، حماس اور اسرائیل ایک بار پھر آمنےسامنے

08 اگست 2014
تین روزہ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد جمعہ کو غزہ میں اسرائیلی فضائیہ کا تازہ حملہ،اے ایف پی فوٹو۔۔۔۔
تین روزہ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد جمعہ کو غزہ میں اسرائیلی فضائیہ کا تازہ حملہ،اے ایف پی فوٹو۔۔۔۔

یروشلم : اسرائیل اور حماس کے درمیان 3 روزہ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد جمعہ کو فریقین میں ایک بار پھر تصادم شروع ہوگیا ہے۔ غزہ میں اسرائیلی فضائیہ کے تازہ حملے میں دس سالہ بچہ ہلاک اور گیارہ فلسطینی زخمی ہو گئے۔

اسرائیلی افواج کا کہنا ہے کہ اس نے حماس کی جانب سے فائر کیے گئے راکٹوں کے جواب میں غزہ پر حملوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا ہے۔تین روزہ جنگ بندی کے اختتام پر جمعہ کی صبح حماس کی جانب سے اسرائیل پر 17 راکٹ فائر کیے گئے۔

غزہ پولیس کا کہنا ہے کہ جواباً اسرائیل نے شمالی غزہ پر ٹینکوں سے شیلنگ شروع کر دی، جبکہ جنوبی غزہ میں ایک فارم پر فضائی حملہ بھی کیا ہے۔

اسرائیلی افواج کا کہنا ہے کے اس نے راکٹ حملوں کے بعد حماس کے جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

ادھر فلسطینی حکّام صحت کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کی بمباری سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے ہیں. جنگ بندی کے خاتمے کے بعد ہونے والی بمباری میں یہ پہلی ہلاکت ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی حکومت کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ اگر حماس کی جانب سے اسرائیل پر راکٹ باری کا سلسلہ جاری رہا، تو اسرائیل جنگ بندی کے لئے کسی قسم کے مذاکرات نہیں کرے گا۔

خیال رہے کہ پانچ اگست کو اسرائیل اور حماس کے درمیان مصر کی ثالثی کے ذریعے تین روزہ جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا۔

جمعہ کے روز جنگ بندی کے ختم ہونے سے کچھ دیر پہلے حماس نے مطالبات تسلیم نہ ہونے پر جنگ بندی میں توسیع سے انکار کر دیا تھا۔

حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ کے کنارے سے فوجی محاصرہ ختم کرے گا تب ہی جنگ بندی ممکن ہوسکتی ہے۔

حماس کے ایک رہنما نے کہا کہ 'ہماری پوزیشن بہت ہی واضح ہے اور جنگ بندی سے انکار کرنا ہمارا حتمی فیصلہ ہے'۔

حماس کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ حماس کے ایک اجلاس میں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ 72 گھنٹے کی عارضی جنگ بندی میں مزید توسیع کے سلسلے میں اسرائیل اور حماس کے درمیان اب حالات کشیدہ ہورہے ہیں۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان گزشتہ چار ہفتوں کی لڑائی میں کم از کم 1,894 فلسطینی اور 67 اسرائیلی جو تقریبا تمام فوجی تھے ہلاک ہو گئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق 8 جولائی سے شروع ہونے والی لڑائی میں 447 بچوں سمیت 1,354 فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں