پٹنہ: ہندوستان میں ماؤ باغیوں کی جانب سے ایک حملے کے نتیجے میں کم از کم 13 سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

ریاست چھتیس گڑھ پولیس کے سینئر افسر آر کے وج کے مطابق حملہ سکما ضلع میں کیا گیا جو کہ ریاستی دارالحکومت رائے پور سے 385 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اہلکار سینٹرل ریزرو پولیس فورس کا حصہ تھے جو کہ باغیوں کے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے علاقوں میں ان سے مقابلے کے لیے تعینات کیے گئے تھے۔

وزارت داخلہ کے مطابق باغی ہندوستان کی اندرونی سیکورٹی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں جو ملک کی 28 ریاستوں میں سے 20 میں سرگرم ہیں اور ہزاروں جنگجوؤں پر مشتمل ہیں۔

چین کے انقلابی رہنما ماؤ زے تنگ سے متاثر یہ باغی تین دہائیوں سے وسطی اور مشرقی ہندوستان میں لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یہ باغی سیکورٹی فورسز اور حکام کو نشانہ بناتے رہتے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ ان کے علاقوں کے قدرتی وسائل پر انہیں زیادہ حصہ دیا جائے اور کسانوں کے لیے مزید نوکریاں پیدا کی جائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں