خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے گاؤں گیلے تحصیل لوئی ماموند میں بارش کے باعث کمرے کی چھت گر نے سے 2 خواتین جاں بحق جبکہ 2 بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 7 افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔

ریسکیو حکام نے کہا کہ اب تک 3 خواتین اور 4 بچوں کو ملبے کے نیچے سے نکال لیا گیا اور
زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرکے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ایک خاتون موقع پر ہی انتقال کر گئیں جبکہ دوسری کی وفات کی تصدیق ڈاکٹروں نے ہسپتال میں کی۔

ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں سے تباہی۔ باجوڑمیں بارش کے باعث چھت گرنے سے ہنستا بستا گھر اجڑگیا۔۔ملبےتلےدب کر 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں جبکہ 4 بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہیں۔پشاور اور نواحی علاقوں میں بھی بادل برس پڑے ۔

مظفرآباد کی وادی نیلم میں وقفے وقفے سے جاری برفباری سے ہر شے نے سفیدی کی چادر اوڑھ لی۔ بالائی علاقوں شاردہ ، کیل ،گریس ویلی میں ایک سے3انچ سے زائد برف باری ریکارڈ کی گئی۔ شاہراہِ نیلم لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مکمل مقامات پر بند ہوگئی۔ ڈپٹی کمشنر نیلم نے شہریوں اور سیاحوں کو غیرضروری سفر نہ کرنے کی ہدایات کردی۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں رواں ماہ بارشوں سے 7خواتین اور 6 بچوں سمیت 21 افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوئے۔ کوئٹہ زیارت شاہراہ کئی مقامات پر سیلابی ریلوں میں بہہ گئی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بڑے حصے میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں اور آندھی چلنے کی پیشگوئی کی ہے، موسم کا حال بتانے والے ادارے کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد اور گرد ونواح میں بھی آندھی اور بارش کا امکان ہے، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف حصوں میں میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں کے برعکس کراچی میں رواں ہفتے بھی گرمی کا راج رہے گا، کراچی میں رواں ہفتے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ صوبائی ڈیزاسٹر منجمنٹ اتھارٹی نے بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبے میں دیواریں، چھتیں اور آسمانی بجلی گرنے سے ایک گھر کو مکمل جبکہ 13 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع باجوڑ ، بٹگرام، مانسہرہ، بونیر، اپر اور لویر دیر میں رونما ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق صوبے میں تمام شاہراہیں اور لنک روڈز ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلے ہیں، بارشوں کا سلسلہ 30 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں