سالِ رواں کی سب سے بڑی فلم؟

اپ ڈیٹ 01 جنوری 2015
— اے پی فوٹو
— اے پی فوٹو

لارڈ آف دی رنگ سے شروع ہونے والا دنیائے فلم کی مشہور ترین فلمی سیریز کا سفر 'ہوبٹ دی بیٹل آف دی فائیو آرمیز' کے ساتھ اختتام کو پہنچ رہا ہے اور آسکر ایوارڈ یافتہ ہولی وڈ ڈائریکٹرسر پیٹر جیکسن اس بار بھی نئے ریکارڈز بنانے کے لیے تیار ہیں۔

جے آر آر ٹالکین کے ناول سے ماخوذ اس سیریز کے آخری حصے کا شاندار پریمئیر لندن میں ہوا جس میں ایڈونچر سے بھرپور فلم کی اسٹار کاسٹ نے ریڈ کارپٹ پر جلوے دکھاتے ہوئے تقریب کو چاند چاند لگا دئیے۔

'لارڈ آف دی رنگز' سلسلے کی یہ فلم نیوزی لینڈ کے انتہائی خوبصورت مقامات پر شوٹ ہوئی جو بلبو بیگنز نامی بونے کی اس مہماتی سفر کی کہانی ہے جس میں وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ چرائے گئے خزانے کی تلاش میں پہاڑی علاقے کی طرف نکلتے ہیں اوراس خطرناک اور دشوار سفر کے دوران ان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اس فلم میں مارٹن فری مین ایک بار پھر بِلبو بیگنز کے کردار میں جلوہ گر ہو رہے ہیں جن کے ساتھ این میکلن، رچرڈ آرمیٹیج، سلویسٹر میکوئے، بینڈیکٹ کمبربیچ، لیوک ایوانز اور آرلنڈو بلوم اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

فینٹسی سے بھرپور اس ایڈونچر فلم کو وارنر برادرز کے تحت رواں برس 17 دسمبر کو امریکہ جبکہ 12 دسمبر کو برطانیہ کے سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔

ہوبٹ سیریز کی اس سے پہلے سامنے آنے والی دو فلمیں باکس آفس پر ایک ارب 95 کروڑ ڈالرز سے زائد کمانے میں کامیاب رہیں جبکہ اس کی اولین تین فلمیں یعنی 'لارڈ آف دی رنگ' سیریز نے دنیا بھر میں 2 ارب 91 کروڑ ڈالرز سے زائد کما کر تہلکہ مچایا تھا۔

خیال رہے کہ اس سیریز کی فلم 'دی ریٹرن آف دی کنگ' نے گیارہ آسکر ایوارڈ جیت کر بن حُر اور ٹائیٹنک کے ساتھ سب سے زیادہ ایوارڈ جیتنے والی فلم کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا، مجموعی طور پر اس سیریز کی پانچ فلمیں اب تک اٹھارہ آسکر ایوارڈ جیت چکی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں