کامران اور شعیب کی واپسی کیلئے 'بڑا منصوبہ'

07 دسمبر 2014
شعیب ملک اور کامران اکمل ایک سال سے قومی ٹیم سے باہر ہیں— اے ایف پی فائل فوٹو
شعیب ملک اور کامران اکمل ایک سال سے قومی ٹیم سے باہر ہیں— اے ایف پی فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ون ڈے سیریز سے فواد عالم کا اخراج ہوسکتا ہے بیشتر افراد کے لیے باعث حیرت ہو مگر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق یہ ورلڈکپ کے لیے شعیب ملک اور کامران اکمل کی واپسی کے منصوبے کا حصہ ہے۔

پی سی بی عہدیدار نے نام چھپانے کی شرط پر ڈان کے سامنے انکشاف کیا کہ ٹیم انتظامیہ خاص طور پر دو افراد کرکٹ کی دنیا کے سب سے بڑے ایونٹ کے لیے شعیب ملک اور کامران اکمل کی سلیکشن کے خواہشمند ہیں حالانکہ کھلاڑی اس کے حق میں نہیں۔

خیال رہے کہ ان دونوں کھلاڑیوں کو ورلڈکپ کے لیے پاکستان کے ابتدائی تیس رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

پی سی بی عہدیدار نے بتایا" میں میرٹ کے اوپر ذاتی ترجیح کے حوالے سے بہت فکرمند ہوں، اس کا واضح اظہار فواد عالم کے معاملے میں ہوتا ہے، آخر ایک ان فارم کھلاڑی(فواد) کو نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے موقع پر اے ٹیم کے ٹور پر بھیجنے کی کیا تک ہے؟

یہاں یہ نکتہ ذہن میں رہنا چاہئے کہ مڈل آرڈر پر کھیلنے والے فواد عالم ملک میں جاری فرسٹ کلاس چیمپئن شپ کے سب سے زیادہ اسکورز بنانے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں جبکہ رواں برس قومی ٹیم میں واپسی کے بعد بھی انہوں نے تسلسل سے رنز اسکور کیے ہیں۔

ان کی ٹیسٹ میچز میں ایوریج 41.66، ون ڈے میں 45.14 اور فرسٹ کلاس میچز میں 56.73 رہی۔

فواد عالم کا ٹیم سے اخراج ستمبر میں پی سی بی چیئرمین شہریار خان کے ایک بیان کو دیکھتے ہوئے بھی زیادہ حیرت انگیز لگتا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 'فواد میں دلیری اور فائٹنگ اسپرٹ کی کوئی کمی نہیں اور ٹیم میں واپسی کے بعد اس نے مشکل حالات میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا، یہی وجہ ہے کہ میں فواد عالم کو ایک فائٹنگ کرکٹر تصور کرتا ہوں'۔

تاہم پی سی بی عہدیدار کے مطابق فواد عالم کے ساتھ ہونے والے سلوک سے زیادہ اہم چیز ٹیم منیجمنٹ کا رویہ ہے جو ایسے دو کھلاڑیوں کی حمایت کررہی ہے جنھوں نے ایک سال سے ون ڈے میچز نہیں کھیلے۔

عہدیدار نے کہا"شعیب ملک اور کامران اکمل کافی عرصے سے کھیلے نہیں ہیں، درحقیقت سرفراز احمد کی حالیہ کارکردگی کے بعد کسی اور وکٹ کیپر کی جگہ نظر نہیں آتی مگر ٹیم انتظامیہ کامران اکمل کو ورلڈکپ اسکواڈ میں تیسرے اوپنر کے طور پر شامل کرنا چاہتی ہے، ان دونوں کا نام تیس رکنی اسکواڈ میں شامل ہونا حیرت انگیز ضرور تھا مگر اس وقت کسی کو حیرت نہیں ہونی چاہئے جب وہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جانے والی پرواز میں ٹیم کا حصہ ہوں"۔

محمد حفیظ پر آئی سی سی کی جانب سے غیرقانونی ایکشن کے بعد باﺅلنگ پر پابندی کو دیکھتے ہوئے آل راﺅنڈر شعیب ملک کا کیس ہوسکتا ہے مضبوط ہوجائے مگر کامران اکمل کی واپسی کی کوئی منطق سمجھ نہیں آتی جبکہ ان کا چھوٹا بھائی عمر اسکواڈ میں شامل ہے اور اچھی وکٹ کیپنگ بھی کرسکتا ہے۔

آئی سی سی ورلڈکپ کا آغاز چودہ فروری کو آسٹریلیا و نیوزی لینڈ میں ہوگا جس میں پاکستان اپنی مہم کا آغاز روایتی حریف ہندوستان کے خلاف میچ سے کرے گا۔

تبصرے (2) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Dec 07, 2014 11:14pm
ورلڈکپ کیلئے ٹیم موجودہ اور حالیہ دورہ آسٹریلیا سے کھیلنے والے کھلاڑیوں میں سے منتخب کرنی چاہئے یہ کھلاڑی فارم میں ھیں اچھا کھیل رھے ھیں اگر کؤئی کھلاڑی زخمی ھو یا بیمار ھو تو ان کی کسی اور کھلاڑی کو لیا جاسکتا ھے لیکن ضروری نہیں کہ وہ فواد ھو شعیب ھو کامران ھو ملک کے اندر اچھے کھلاڑیوں کی کوئی کمی نہیں بورڈ کو سخت فیصلے کرنے ھونگے اور پسند نا پسند کی بجائے کارکردگی کو معیار بنایا جائے
Gul Khan Dec 08, 2014 02:41am
I have said six months ago that these two players ( Kamran & Shouib Malik and Moin khan have close liks with Indians bookies) So I'm not surprised at all that's the one reason thay don't want Afridi as Captain that he wants to get rid of all match fixers.... including Umar Akmal & Wahab Raiz from the team