نئی دہلی انتخابات: عام آدمی پارٹی جیت کی دعویدار

اپ ڈیٹ 07 فروری 2015
ہندوستان کی عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نئی دہلی میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے موقع پر ووٹ ڈالنے کیلئے آرہے ہیں — فوٹو: رائتڑز
ہندوستان کی عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نئی دہلی میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے موقع پر ووٹ ڈالنے کیلئے آرہے ہیں — فوٹو: رائتڑز

نئی دہلی: ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے ریاستی انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق عام آدمی پارٹی نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نئی دہلی میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور ایگزٹ پول کے نتائج اس بات کی نشاندہی کررہے ہیں کہ عام آدمی پارٹی انتخابات میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دوسرے اور کانگریس تیسرے نمبر پر بتائی جارہی ہیں۔

ریاستی اسمبلی کی ستر نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال اور بی جے پی رہنما کرن بیدی سمیت چھ سو تیہھتر امیدوار میدان میں موجود تھے۔

ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ تنتیس لاکھ سے زائد بتائی گئی ہے جبکہ ہندوستانی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کے ریاستی انتخابات کے دوران ووٹنگ کا تناسب چھیاسٹھ فیصد سے زائد رہا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال عام آدمی پارٹی کے سربراہ کیجروال نے 49 دن تک ریاسی حکومت کا سربراہ رہنے کے بعد کرپشن اور رشوت ستانی کی وجہ سے استعفٰی دیدیا تھا جس کے بعد عام انتخابات میں ان کی پارٹی صرف چار نشستیں ہی حاصل کرسکی۔

کیجریوال نے ریاستی انتخابات کے موقع پر اپنا ووٹ ڈالنے سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کرپشن اور رشوت سے پاک دہلی دیکھنا چاہتی ہے اور وہ اُمید کرتے ہیں کہ عوام اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی نمائندوں کا انتخاب بھی کرے گی۔

ان کا کہنا تھا 'مجھے بھروسہ ہے کہ عوام اور سچ کی جیت ہوگی'۔

ہندوستانی اخبارات کی جانب سے نئی دہلی کے انتخابات کو ہندوستانی سیاست میں انتہائی اہم اور حکمران جماعت کیلئے امتحان قرار دیا جارہا تھا۔

مذکورہ ریاستی انتخابات کے سرکاری نتائج کا اعلان دس فروری کو کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں