• KHI: Fajr 4:33am Sunrise 5:58am
  • LHR: Fajr 3:43am Sunrise 5:16am
  • ISB: Fajr 3:40am Sunrise 5:17am
  • KHI: Fajr 4:33am Sunrise 5:58am
  • LHR: Fajr 3:43am Sunrise 5:16am
  • ISB: Fajr 3:40am Sunrise 5:17am

سعودی ولی عہد کی امریکی مشیر قومی سلامتی سے ملاقات، اسٹریٹجک معاہدوں کا جائزہ لیا گیا

شائع May 19, 2024
جیک سلیوان دورہ سعودی عرب کے بعد اسرائیل جائیں گے، وائٹ ہاؤس – فائل فوٹو
جیک سلیوان دورہ سعودی عرب کے بعد اسرائیل جائیں گے، وائٹ ہاؤس – فائل فوٹو

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک معاہدوں کے حتمی مسودوں کا جائزہ لیا گیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے (اے ایف پی) کے مطابق سعودی عرب کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کی ملاقات سعودی عرب کے مشرقی شہر ظہران میں ہوئی۔

سعودی میڈیا کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان اور جیک سلیوان نے امریکا اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک معاہدوں کے حتمی مسودوں کا جائزہ لیا، جو تکمیل کے مراحل میں ہیں۔

ان معاہدوں کو ریاض کی جانب سے اسرائیلی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے واشنگٹن کی کوششوں کا حصہ سمجھا جارہا ہے، جو غزہ میں اسرائیلی حملے کے بعد سے پیچیدہ ہوئیں۔

دونوں فریقین نے غزہ پر بھی بات کی اور جنگ کو فوری روکنے پر اتفاق کرنے کے ساتھ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عالمی امداد کے غزہ میں داخلے پر زور دیا، ملاقات میں دو ریاستی حل کی جانب دونوں ممالک کے درمیان اب تک ہونے والے پیش رفت پر بھی گفتگو کی گئی۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق جیک سلیوان دورہ سعودی عرب کے بعد اس تنازع پر بات کرنے کے لیے اسرائیل بھی جائیں گے۔

یاد رہے کہ بائیڈن انتظامیہ کچھ عرصے سے اس کوشش میں ہے کہ سعودی عرب، واشنگٹن کے ساتھ مضبوط سیکیورٹی تعلقات کے بدلے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا معاہدہ کرے۔

گزشتہ سال 7 اکتوبر کو حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے بعد غزہ میں شروع ہونے والے تنازع سے قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹریو میں کہا تھا کہ ہم تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے دن بدن معاہدے کے قریب پہنچ رہے ہیں۔

تاہم، گزشتہ 7 ماہ کے دوران غزہ میں ہونے والی تباہی اور ہزاروں فلسطینوں کی شہادت نے ان تمام کوششوں کو نقصان پہنچایا۔

اسرائیل کے اعدادوشمار کے مطابق حماس کے 7 اکتوبر کے حملے کے نتیجے میں ایک ہزار 170 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں زیادہ تعداد سویلینز کی تھی۔

غزہ کے وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں اب تک 35 ہزار 386 افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 جولائی 2024
کارٹون : 25 جولائی 2024