فیلڈ میں تصادم سے 20 سالہ کرکٹر ہلاک

20 اپريل 2015
کولکتہ کا ایڈن گارڈنز کرکٹ اسٹیڈیم۔ فائل فوٹو اے ایف پی
کولکتہ کا ایڈن گارڈنز کرکٹ اسٹیڈیم۔ فائل فوٹو اے ایف پی

ممبئی: تین دن قبل کولکتہ میں منعقدہ کلب میچ کے دوران فیلڈ پر دوسرے کھلاڑی سے تصادم کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 20 سالہ ہندوستانی کھلاڑی انکت کیشری اسپتال میں علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ہیں۔

نوجوان کھلاڑی انکت کیشری کا میچ کے دوران کیچ پکڑتے ہوئے دوسرے کھلاڑی کے ساتھ تصادم ہوا تھا جس کے باعث وہ بے ہوشی کی حالت میں زمین پر گرپڑے تھے جس کے فوراً بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیاتھا۔

ڈاکٹرز کے مطابق انکت کیشری تین دن سے اسپتال میں زیرِ علاج تھے تاہم اتوار کی شب دل کا دورہ پڑنے کے باعث پیر کو صبح سویرے وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔

خیال رہے کہ دائں ہاتھ کےبلے باز و لیگ اسپنر اپنی انڈر 19اسٹیٹ ٹیم کی قیادت بھی کر چکے تھے۔

اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری سبیر گانگولی نے سنگین سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بدقسمتی ہےکہ ایک ہونہار کرکٹراب ہمارے بیچ نہیں رہا ۔ یقین نہیں ہوتا کہ وہ اس طرح دنیاسے چل بسے گا۔‘‘

خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں25 سالہ آسٹریلوی اوپنر فلپ ہیوز میچ کے دوران گردن پر باؤنسر گیند لگنے کے باعث شدید زخمی ہوئے تھے جس کے دو دن بعدہی وہ انتقال کر گئے تھے ۔ ان کی موت کو دنیائے کرکٹ کے لئے ایک صدمہ قرار دیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں