امام کعبہ کی پاکستان آمد

24 اپريل 2015
امام کعبہ ڈاکٹر شیخ خالد الغامدی کے دورے کا مقصد پاکستان میں پولیو مہم کا فروغ بتایا جارہا ہے—۔فوٹو/ آن لائن
امام کعبہ ڈاکٹر شیخ خالد الغامدی کے دورے کا مقصد پاکستان میں پولیو مہم کا فروغ بتایا جارہا ہے—۔فوٹو/ آن لائن

لاہور: امام کعبہ ڈاکٹر شیخ خالد الغامدی جمعرات کو 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے۔

لاہورایئرپورٹ پر جمعیت اہل حدیث کے صدر سینیٹر ساجد میر، پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی، سعودی سفیر اور حکومتی افسران نے ان کا استقبال کیا۔

لاہور پہنچنے پر امام کعبہ میڈیا کے نمائندوں سے بات کیے بغیر ہی سرکاری گیسٹ ہاؤس روانہ ہوگئے۔

شیخ خالد الغامدی لاہور کی بحریہ ٹاؤن مسجد میں نماز جمعہ پڑھانے کے علاوہ ہفتے کو جامعہ اشرفیہ اور بادشاہی مسجد میں مختلف اجتماعات سے خطاب بھی کریں گے۔

بادشاہی مسجد میں وہ پاکستان کی سلامتی و استحکام اور حرمین شرفین کی حفاظت کے لیے خصوصی دعائیں کریں گے۔

اپنے دورے کے دوران وہ مختلف مکاتب فکر کے علماء اور اسکالرز سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

اتوار کو امام کعبہ راوی روڈ پر جمعیت اہل حدیث سینٹر کا دورہ کریں گے، جہاں اُن کی سینیٹر ساجد میر اور دیگر سے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوستانہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوگی۔

جس کے بعد شیخ خالد الغامدی اسلام آباد روانہ ہوجائیں گے۔

امام کعبہ کے دورے کا مقصد پاکستان میں پولیو مہم کا فروغ بتایا جارہا ہے، جس کے دوران وہ ملک سے اس موذی وائرس کے خاتمے کے لیے مختلف مذہبی ، سیاسی اور سماجی رہنماؤں کی کوششوں کے حوالے سے اپنی حمایت کا یقین دلائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان، افغانستان اور نائجیریا سمیت اُن تین ممالک میں شامل ہے جہاں ابھی تک پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ نہیں ہو سکا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پایا جانے والا پولیو وائرس دنیا کے پانچ ممالک کو متاثر کر چکا ہے اور یہ دیگر ممالک کے لیے بھی خطرے کا نشان ہے۔

جبکہ پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز اور صورتحال کے پیشِ نظرگزشتہ برس مئی میں عالمی ادارۂ صحت نے پاکستان سے بیرون ممالک جانے والے مسافروں پر پولیو ویکسین کا سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی پابندی عائد کردی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں