پاک چین اقتصادی راہداری، آل پارٹیز کانفرنس آج ہوگی

13 مئ 2015
دائیں جانب پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف اور بائیں جانب سابق صدر آصف زرداری مصافحہ کرتے ہوئے — اے ایف پی فائل فوٹو
دائیں جانب پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف اور بائیں جانب سابق صدر آصف زرداری مصافحہ کرتے ہوئے — اے ایف پی فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کی دعوت پرآل پارٹیز کانفرنس آج ہونے جارہی ہے جس میں وزیراعظم پاک چین اقتصادی راہداری اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے پارلیمانی رہنماوں کو اعتماد میں لیں گے۔

پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہ داری (کوریڈور) اور دیگر منصوبوں پر ہونے والے معاہدوں کے حوالے سے پاکستان کی دیگر سیاسی جماعتوں کے خدشات کو دور کرنے کے لیے ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے راہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے۔

وزیراعظم کے زیرصدارت ہونے والے پارلیمانی رہنماوں کے اجلاس میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری، خورشید شاہ، اعتزاز احسن، فاروق نائیک، شیری رحمان اور جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان کی شرکت متوقع ہے۔

اجلاس میں اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، آفتاب شیرپاو، محمود اچکزئی، حاصل بزنجو اور اعجاز الحق بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان دعوت کے باوجود اجلاس میں شرکت نہیں کرینگے تاہم تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری اور اسد عمر اجلاس میں شرکت کریں گے۔

دوسری جانب حکومت کی جانب سے اسحاق ڈار، احسن اقبال، پرویزرشید اور خواجہ آصف اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم نواز شریف اجلاس کے شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ چین کے صدر نے پاکستان کے دورے کے دوران پاک چین اقتصادی کوریڈور، بجلی کی پیداور اور دیگر منصوبوں کے لئے سرمایہ کاری کے حوالے سے معاہدے کئے تھے۔

خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کی جانب سے اقتصادی کوریڈور کی تبدیلی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا گیا تھا۔

گزشتہ دنوں سابق صدر زرداری کی جانب سے طلب کی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے پاک چین معاہدوں پر سیاسی جماعتوں کے خدشات کو دور کرنے کے لیے وزیراعظم کی جانب سے بہت جلد پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں