ایک سال میں متحدہ رابطہ کمیٹی چوتھی بار برطرف

اپ ڈیٹ 25 جولائ 2015
لندن رابطہ کمیٹی کا فیصلہ دو روز میں ہو جائے گا ۔۔۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
لندن رابطہ کمیٹی کا فیصلہ دو روز میں ہو جائے گا ۔۔۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

لندن، کراچی:متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین نے ایک بار پھر پارٹی کے سب سے اعلی فیصلہ ساز ادارے رابطہ کمیٹی کو برطرف کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کو ایک سال میں چوتھی بار برطرف کیا گیا ہے۔

گزشتہ برس جولائی میں ہی ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے 19 اراکین کو برطرف کیا گیا مگر ایک دن بعد ہی سب کو بحال کر دیا گیا تھا۔

دوسری بار دسمبر 2014 میں رابطہ کمیٹی کو فارغ کیا گیا جبکہ قمر منصور کو کراچی اور ارشد حسین کو لندن رابطہ کمیٹی کا انچارج مقرر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : کارکن رابطہ کمیٹی کا غرور توڑ دیں، الطاف حسین

دسمبر میں الطاف حسین نے کارکنان سے خطاب میں کہا تھا کہ رابطہ کمیٹی کا غرور توڑ دیا جائے، کمیٹی کے کچھ لوگوں نے گراؤنڈ اورگلیاں تک بیچ دی ہیں۔

پھر تین ماہ بعد ہی فروری 2015 میں رابطہ کمیٹی میں ایک بار ہھر تبدیلیاں کی گئیں، قمر منصور اور ارشد حسین کو فارغ کرکے کراچی میں رابطہ کمیٹی کا انچارج کیف الوریٰ اور لندن میں مصطفی عزیز آبادی کو انچارج مقرر کیا گیا۔

اب ایک سال میں چوتھی بات رابطہ کمیٹی کی تحلیل کے حوالے سے ایم کیو ایم کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے ارکان کے بار بار قسمیں کھانے اور حلفیہ بیانات کے ساتھ ساتھ وعدوں کے مطابق ذمہ داریاں پوری نہیں کیں جس پر رابطہ کمیٹی کراچی کو برطرف کر دیا ہے۔

مزید پڑھیں : ایم کیو ایم میں' فالٹ لائنز 'عیاں

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رابطہ کمیٹی لندن کے بارے میں آج یا کل فیصلے کا اعلان کر دیا جائے گا۔

الطاف حسین نے ایم کیو ایم کے تمام زونز اور سیکٹرز کے سینئر ارکان سے کوائف طلب کے ہیں

لندن میں مقیم متحدہ کے قائد نے کہا ہے کہ جو سینئر ارکان خود کو رابطہ کمیٹی کی ذمہ داریاں سنبھالنے کا اہل سمجھتے ہوں وہ فی الفور کوائف نائن زیرو میں درج کروایں تاکہ نئی رابطہ کمیٹی تشکیل دی جاسکے ۔

اعلامیے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ کہف الوریٰ ،عبد الحسیب اور عارف خان ایڈوکیٹ رابطہ کمیٹی کے ممبر رہیں گے ۔

دریں اثناء رابطہ کمیٹی کراچی کے برطرف ارکان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ نائن زیرو (مرکز) آنے کی زحمت نہ کریں۔

یاد رہے کہ 2 ہفتے قبل ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ترین رکن محمد انورکو بھی رابطہ کمیٹی سے نکال دیا گیا تھا جبکہ ان کو سبکدوش کرنے کی وجہ علالت اور یاداشت کی خرابی بتائی گئی تھی۔

مزید پڑھیں : الطاف حسین کی ایم کیو ایم دفاتر کھولنے کی ہدایت

واضح رہے کہ دو روز قبل متحدہ قومی موومنٹ کے تمام دفاتر بشمول نائن زیرو کو رات گئے الطاف حسین کی ہدایت پر بند کردیا گیا۔

تاہم بعدازاں کارکنان کے اصرار پر انہوں نے خورشید میموریل ہال اور ایم کیوایم کے تمام شعبہ جات کھولنے کی اجازت دے دی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Muhammad Ayub Khan Jul 25, 2015 01:47pm
ab eisey hi ho ga bar bar hoga aor koyi charah naheyin