جواد ایس خواجہ نے چیف جسٹس کا حلف اٹھالیا

اپ ڈیٹ 17 اگست 2015
صدر ممنون حسین نے جسٹس جواد ایس خواجہ سے ان کے عہدے کا حلف لیا—۔ڈان نیوز اسکرین گریب
صدر ممنون حسین نے جسٹس جواد ایس خواجہ سے ان کے عہدے کا حلف لیا—۔ڈان نیوز اسکرین گریب

اسلام آباد: جسٹس جواد ایس خواجہ نے چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھالیا ہے.

صدر ممنون حسین نے جسٹس جواد ایس خواجہ سے ان کے عہدے کا حلف لیا، وزیراعظم نواز شریف بھی تقریب حلف برداری میں موجود تھے.

ایوان صدر میں منعقدہ کی گئی تقریب حلف برداری میں وفاقی وزرا اور مسلح افواج کے سربراہان نے بھی شرکت کی.

جسٹس جواد ایس خواجہ ملک کے 23ویں چیف جسٹس ہیں.

مزید پڑھیں:جسٹس جواد ایس خواجہ کو چیف جسٹس بنانے کی منظوری

صدر مملکت نے رواں ماہ 5 اگست کو وزیراعظم کے مشورے پر جسٹس جواد ایس خواجہ کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک کی ریٹائرمنٹ کے بعد عدالت عظمیٰ کے نئے سربراہ کے طور پر مقرر کرنے کی سمری کی منظوری دی تھی.

خیال رہے کہ یہ سمری وزارت قانون و انصاف نے صدر مملکت کو بھجوائی تھی۔

چیف جسٹس ناصر الملک 16 اگست 2015 کو 65 سال کی عمر پر پہنچنے کے بعد ریٹائر ہوئے،جس کے بعد جسٹس جواد ایس خواجہ نے 17 اگست 2015 بروز پیر عدالت عظمیٰ کے نئے چیف جسٹس کے طور پر حلف اٹھایا.

تاہم جسٹس جواد ایس خواجہ 23 دن تک ہی اس عہدے پر رہ سکیں گے کیونکہ ان کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ 9 ستمبر 2015 ہے۔

جسٹس جواد ایس خواجہ کے بعد سینیئر ترین جج جسٹس انور ظہیر جمالی کو چیف جسٹس مقرر کیے جانے کا امکان ہے جو اس عہدے پر 30 دسمبر 2016 تک کام کرسکیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں