ڈی جے بٹ کے ناقابل ضمانت وانٹ گرفتاری

21 اگست 2015
ڈی جے بٹ کو گذشتہ برس ستمبر میں بھی تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا—۔فوٹو/ شکیل قرار
ڈی جے بٹ کو گذشتہ برس ستمبر میں بھی تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا—۔فوٹو/ شکیل قرار

اسلام آباد: اسلام آباد کی مقامی عدالت نے دفعہ 144 اور ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 126 دنوں پر مشتمل دھرنے کے دوران ساؤنڈ سسٹم فراہم کرنے والے آصف بٹ عرف ڈی جے بٹ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے.

ڈی جے بٹ کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں گذشتہ برس اسلام آباد میں پی ٹی آئی دھرنے کے دوران دفعہ 144 اور ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

جمعے کو اسلام آباد کے اسسٹنٹ کمشنر وقاص رشید کی عدالت میں ڈی جے بٹ کے خلاف مذکورہ کیس کی سماعت ہوئی.

سماعت کے دوران عدالت نے ڈی جے بٹ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے تھانہ سیکریٹریٹ کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کو ڈی جے بٹ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا.

بعد ازاں کیس کی سماعت اگلے ماہ 3 ستمبر تک ملتوی کردی گئی.

یاد رہے کہ ڈی جے بٹ کو اسی کیس میں گذشتہ برس ستمبر میں بھی تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا.

مزید پڑھیں:ڈی جے بٹ چودہ روزہ ریمانڈ پر جیل منتقل

انسپکٹر جنرل آف پولیس طاہر عالم نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ڈی جے بٹ کو اسلام آباد میں نافذ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا، تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر انھیں رہا کردیا گیا تھا.

آئی جی اسلام آباد کے مطابق ڈی جے بٹ کو میوزک والیم کم رکھنے کا کہا گیا تھا، تاہم ان کے ساؤنڈ سسٹم کی آواز سیکٹر ایف 6 اور ایف 7 تک بھی سنی جارہی تھی.

یہ بھی پڑھیں:ڈی جے بٹ، پی ٹی آئی کا دھرنا اور میوزک

پی ٹی آئی کے جلسوں میں میوزک چلانے کی وجہ سے شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے والے ڈی جے بٹ 22 اپریل 2011 کو پہلی مرتبہ عمران خان سے ملے جس کے چند دنوں بعد ہی تحریک انصاف نے پشاور میں دھرنے کا آغاز کیا تھا۔

عمران خان سے ملاقات کے بعد وہ پی ٹی آئی کے جلسوں میں لازمی حیثیت اختیار کر گئے اور ڈی جے بٹ کے نام سے شہرت حاصل کر لی۔

ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا، "مجھے لگتا ہے کہ میوزک کے معاملے میں ان (عمران خان) کی اور میری چوائس ایک ہی جیسی ہے".

تبصرے (2) بند ہیں

Nasreen Aug 21, 2015 05:18pm
It seems like in Pakistan there is no crupt ion and our courts and Judges has so much spare time that they are working on sound systems faults. Wow !
Israr Muhammad khan Yousafzai Aug 21, 2015 07:46pm
ڈی جے بٹ ایک فنکار ھے انکا کوئی سیاسی یا خاندانی اثر رسوح نہ ھونے کے وجہ سے انکے حلاف کاروائی ھورہی ھے لیکن دھرنے کے اصل بندوں کو کوئی ہاتھ نہیں لگا رہا حالانکہ انکے حلاف بھی اسلام اباد میں ایف ائی ار درج ھوئی ھیں