مبینہ خودکش دھماکا، بچوں سمیت 5 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 27 اگست 2015
پولیس دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کررہی ہے — فوٹو: سلطان محمود
پولیس دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کررہی ہے — فوٹو: سلطان محمود
پولیس اہلکار کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے — فوٹو: سلطان محمود
پولیس اہلکار کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے — فوٹو: سلطان محمود

ٹوبہ ٹیک سنگھ: پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیر محل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور حساس اداروں کی کارروائی کے دوران مبینہ خود کش دھماکے میں ماں اور 3 بچوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مطابق دھماکے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں ایک اہلکار کی حالت انتہائی نازک ہے۔

پولیس اور حساس اداروں نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ہاؤسنگ کالونی کے علاقے میں کارروائی کا آغاز کیا تو مبینہ دہشت گردوں نے فرار ہونے کی کوشش کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں پر بھاری اسلحے سے حملہ کیا اور دستی بم بھی پھینکے۔

جب صورت حال مقامی پولیس کے کنٹرول میں نہ رہی تو ڈسٹرکٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تازہ دم فورس اور کمانڈوز طلب کیے، دوسری جانب دہشت گردوں نے گھر میں موجود اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا جن کے بارے میں پولیس کا کہنا تھا کہ وہ دہشت گردوں کے ہی اہل خانہ تھے۔

پولیس کی بھاری نفری اور کمانڈوز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے گھر کو گھیرے میں لیا تو دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس میں اس کی بیوی اور 3 بچے بھی ہلاک ہوگئے۔

پولیس نے ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ہسپتال پہنچا دیا جس کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ طالبان کا اہم کمانڈر ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

عائشہ بخش Aug 27, 2015 09:57pm
آج سے کافی سال پہلے پیر محل اور ٹوبہ ٹیک سنگھ جانے کا اتفاق ہوا۔ اس وقت وہاں لاہور کی نسبت بہت سکون تھا۔ سادہ لوگ ، انسان دوست ایک دوسرے کے دکھ درد کے ساتھی۔۔۔۔ پتہ نہیں کس کی نظر لگی کہ چھوٹے چھوٹے شہروں میں بھی تشدت پسند نظریات سے (بےوقوف) لوگ متاثر ہونا شروع ہوگئے