گیلانی کی 8 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور

اپ ڈیٹ 02 ستمبر 2015
گیلانی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی ہے ... فائل فوٹو
گیلانی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی ہے ... فائل فوٹو

اسلام آباد : سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماء یوسف رضا گیلانی نے کی 8 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست منظور کر لی گئی ہے۔

یوسف رضا گیلانی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔

درخواست فاروق ایچ نائیک، راجہ علیم خان عباسی اور ملک جاوید اقبال وائیں کے توسط سے دائر کی گئی ہے۔

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی 7 روز کی حفاظتی ضمانت منظور کی گئی۔

یوسف رضا گیلانی نے پہلے 8 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی بعد ازاں ایک اور مقدمہ معلوم ہونے پر اس کی ضمانت کی درخواست بھی دائر کی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہر کیس میں ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں: گیلانی اور امین فہیم کی گرفتاری کے احکامات

یوسف رضا گیلانی نے عدالت میں دائر درخواست میں وفاقی وزارت داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اسلام آباد اور ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی کو فرقی بنایا۔

ڈان نیوز کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے عدالت سے یہ استدعا بھی کی ہے کہ درخواستوں کی سماعت جلد کی جائے۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے درخواست کی کہ عدالت فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو گرفتاری نہ کرنے کے احکامات جاری کرے۔

یوسف رضا گیلانی کا بیان: ’حکومت مجھے گرفتار کرنے کی تکلیف نہ کرے‘

واضح رہے کہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹڈاپ) کیس میں ایف آئی اے نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور وفاقی وزیر امین فہیم کے وارنٹ گرفتاری حاصل کیے تھے۔

وفاقی انسداد بدعنوانی عدالت نے پیپلز پارٹی کے دونوں رینماؤں کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔

فیڈرل اینٹی کرپشن کورٹ میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ٹڈاپ اسکینڈل میں 12 مقدمات کے چالان پیش کیے تھے۔

آصف زرداری کا بیان: 'نواز شریف 90 کی دہائی کی سیاست دہرارہے ہیں'

وفاقی انسداد بدعنوانی عدالت کی جانب سے پہلے بھی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے دونوں رہنماؤں کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا مگر یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم پیش نہیں ہوئے تھے۔

ڈان نیوز کے مطابق دونوں رہنماؤں کے پیش نہ ہونے کی وجہ سے عدالت نے گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے حکم دیا تھا کہ ملزمان کو 10 ستمبر کو پیش کیا جائے.

ضمانت قبل از گرفتاری منظور ہونے کے بعد یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت کی اجازت کے بغیر ایف آئی اے کسی کے خلاف کارروائی نہیں کرسکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ جیل کاٹ کر تجربہ ہوا کہ کسی سے سیاسی انتقام نہیں لینا چاہیے، میرے دور میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قائد بینظیر بھٹو خود دہشت گردی کا نشانہ بنیں اس لیے پیپلز پارٹی پر دہشت گردی کو سپورٹ کرنے کا الزام نہیں لگایا جا سکتا، آصف زرداری نے دلبرداشتہ ہوکر مفاہمتی پالیسی سے متعلق بیان دیا۔

سابق وزیر اعظم کے وکیل فاروق نائیک کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کی 12 مقدمات میں حفاظتی ضمانت پہلے منظور ہو چکی ہے، ان کے خلاف درج 21 مقدمات جھوٹے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں