سمجھوتہ ایکسپریس معاملے پر ہندوستانی سفیر کی طلبی

09 اکتوبر 2015
دفتر خارجہ اسلام آباد — فائل فوٹو
دفتر خارجہ اسلام آباد — فائل فوٹو

اسلام آباد : دفتر خارجہ نے جمعہ کو ہندوستان کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر رگو رام کو طلب کرکے جمعرات کو سمجھوتہ ایکسپریس کی منسوخی پر تحفظات کا اظہار کیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ سمجھوتہ ایکسپریس کو منسوخ کرنے سے پاکستان اور ہندوستان کے دو سو سے زائد مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہوا۔

انہوں نے بتایا "پاکستانی حکومت متاثرہ ہندوستانی مسافروں کی رہائش کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی جنھیں گزشتہ روز سرحد عبور کرنے کی اجازت نہیں دی گئی"۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا " ہم توقع کرتے ہیں کہ ہندوستان کی جانب سے فوری طور پر ایسے اقدامات کیے جائیں گے جس سے مستقبل میں ایسے واقعات پیش نہ آئے، جبکہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سفر کرنے والے افراد کو مشکل پیش نہ آئے"۔

ہندوستانی سفیر کو ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیا) ڈاکٹر محمد فیصل نے طلب کرکے سمجھوتہ ایکسپریس کا معاملہ اٹھایا جسے گزشتہ روز واہگہ بارڈر سے اس وقت واپس بلایا گیا جب ہندوستانی انتظامیہ نے اپنے پاکستانی ہم منصبوں کو ہندوستانی پنجاب میں کاشتکاروں کے احتجاج سے خبردار کیا گیا۔

پاکستان ریلوے کے ترجمان رﺅف طاہر نے بتایا کہ ٹرین میں پاکستان اور ہندوستان سے تعلق رکھنے والے 193 مسافر جارہے تھے، جنھیں واہگہ بارڈر پر روک لیا گیا اور 57 پاکستانی مسافروں کو ٹرین سے اتار لیا گیا۔

ریلوے ترجمان کے مطابق اب یہ ٹرین پیر کو دہلی کے لیے روانہ ہوگی۔

ریلوے حکام کی جانب سے ہندوستانی شہریوں کو شرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں گے جن کے پاکستان کے دورے کے ویزے ختم ہونے والے ہیں تاکہ وہ ملک میں پیر تک قیام کرسکیں۔

تبصرے (0) بند ہیں