ہندوستان:ریل روکو تحریک ختم، سمجھوتہ ایکسپریس بحال

14 اکتوبر 2015
پنجاب میں کسانوں کی ریل روکو تحریک 8 روز سے جاری تھی ۔۔۔ تصویر بشکریہ سکھ نیوز
پنجاب میں کسانوں کی ریل روکو تحریک 8 روز سے جاری تھی ۔۔۔ تصویر بشکریہ سکھ نیوز

ہریانہ: ہندوستان کی ریاست پنجاب میں کسانوں نے 'ریل روکو' تحریک ختم کرکے وزیر اعلیٰ اور ریاستی وزراء کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں کسانوں کی ریل روکو تحریک گزشتہ 8 روز سے جاری تھی جس کے باعث پاکستان سے ہندوستان جانے والے سمجھوتہ ایکسپریس کی روانگی بھی منسوخ کر دی گئی تھی۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کسانوں کا احتجاج 12 مختلف تنظیمیں منظم کر رہی ہیں، جن کے نمائندوں نے وزیراعلیٰ پنجاب پرکاش سنگھ بادل سے ملاقات کی تھی، تاہم 4 گھنٹے جاری رہنے والی اس ملاقات کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔

کسانوں کا مطالبہ ہے کہ کیڑوں کے حملے کے باعث تباہ ہونے والی فصلوں پر حکومت کی جانب سے زیادہ معاوضہ دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : ہندوستانی کسانوں کااحتجاج : 59 ٹرینیں منسوخ

احتجاج کرنے والوں کا مطالبہ ہے کہ اُن کو ایک ایکڑ زمین پر کپاس کی فصل پر 40 ہزار روپے امداد دی جائے جبکہ 20 ہزار روپے کھیت میں کام کرنے والے مزدور کو دیئے جائیں. اسی طرح چاول کی فصل کے لیے فی ایکڑ 5 ہزار روپے امداد کا مطالبہ کیا جا رہا ہے جبکہ حکومت نے کسانوں کو 8 ہزار روپے فی ایکڑ دینے کا اعلان کیا ہے۔

کسانوں کے ایک رہنما سکھ دیو سنگھ کوکری کا کہنا تھا کہ کسان 'ریل روکو' تحریک ختم کر رہے ہیں البتہ احتجاج جاری رہے گا کیونکہ حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اب ریاستی حکمران اتحاد اکالی دل اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ارکان اسمبلی اور وزراء کا گھیراؤ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ہندوستانی پنجاب میں سکھ قوم پرست جماعت اکالی دل اور بی جے پی کی اتحادی حکومت ہے، 117 رکنی ریاستی اسمبلی میں اکالی دل کی 59 اور بی جے پی کی 12 نشستیں ہیں۔

ٹریبیون انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ کسانوں کا احتجاج ختم ہونے کے بعد ریل سروس جزوی طور پر بحال ہو سکی ہے جبکہ سروس مکمل طور پر بحال ہونے میں 2 دن لگیں گے۔

سمجھوتہ ایکسپریس کی بحالی

پاکستان کے صوبے پنجاب کے ساتھ ہندوستانی ریاست پنجاب میں کسانوں کی 'ریل روکو' تحریک ختم ہونے کے بعد سمجھوتہ ایکسپریس کی روانگی کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سمجھوتہ ایکسپریس واہگہ بارڈر سے واپس

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلوے کے ترجمان نے بتایا کہ سمجھوتہ ایکسپریس جمعرات کی صبح 8 بجے معمول کے مطابق روانہ ہوگی۔

ترجمان نے بتایا کہ ہندوستانی حکام نے پاکستان ریلوے کو سمجھوتہ ایکسپریس بحال کرنے کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب سمجھوتہ ایکسپریس کی بندش کے باعث ہندوستان میں پھنسے 14 پاکستانی ایک روز قبل سڑک کے راستے واپس وطن گئے تھے جبکہ 19 پاکستانی آج ہندوستان سے واپس آئے۔

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے تصدیق کی کہ سمجھوتہ ایکسپریس کی بندش کی وجہ سے پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو بس کے ذریعہ بھیجا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں