لندن : کیا آپ کی پیدائش گرمیوں کے مہینے میں ہوئی ہے ؟ اگر ہاں تو اچھی خبر یہ ہے کہ آپ کا قد اپنے دیگر ساتھیوں سے لمبا اور صحت بھی زیادہ بہتر رہے گی۔

یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔

کیمبرج یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق موسم گرما میں پیدا ہونے والے افراد میں سال کے دوسرے موسموں میں پیدا ہونے والے لوگوں کے مقابلے میں صحت مند ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اس کی وجہ ممکنہ طور پر دوران حمل ماﺅں کا دھوپ زیادہ کھانے سے زیادہ مقدار میں وٹامن ڈی اپنے پیدا ہونے والے بچوں میں منتقل کرنا ہے۔

تحقیق کے مطابق جون، جولائی اور اگست میں پیدا ہونے والے بچے دیگر مہینوں کے مقابلے میں پیدائش کے وقت زیادہ بھاری اور بالغ ہونے پر اپنے ساتھیوں سے زیادہ لمبے ثابت ہوتے ہیں۔

محقق ڈاکٹر جان پیری کے مطابق اس تحقیق کا مقصد پیدائش کے مہینے اور اس کے ماحولیاتی اثرات کا صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لینا تھا۔

ان کا مزیدکہنا تھا کہ پیدائش کا وقت جسمانی وزن، نشوونما اور صحت پر اثرات مرتب کرتا ہے اور اس حوالے سے میکنزم کو سمجھے جانے کی ضرورت ہے۔

تحقیق کے مطابق سردیوں اور خزاں کے موسموں میں پیدا ہونے والے بچوں میں فوڈ الرجیز کا خطرہ ہوتا ہے خاص طور پر خزاں کی پیدائش اور دمہ کے درمیان گہرا تعلق موجود ہے جس کی وجہ ابتدائی ماہ میں خراب موسم کے دوران گھر کی مٹی سے متاثر ہونا ہے۔

یہ نئی تحقیق طبی جریدے جرنل ہیلیون میں شائع ہوئی جس کے مطابق پیدائشی مہینہ وزن اور لڑکیوں کی بلوغت پر اثر انداز ہوتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں