افغان خاتون ’ناجائز تعلقات‘ پر سنگسار

اپ ڈیٹ 04 نومبر 2015
افغانستان کے صوبے غور میں خاتون کو ناجائز تعلقات رکھنے پر سنگسار کردیا گیا — فائل فوٹو
افغانستان کے صوبے غور میں خاتون کو ناجائز تعلقات رکھنے پر سنگسار کردیا گیا — فائل فوٹو

کابل: افغانستان میں ایک نوجوان خاتون کو ہم عمر نوجوان مرد کے ساتھ ’ناجائز تعلقات‘ رکھنے پر سنگسار کردیا گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق افغان میڈیا پر نشر ہونے والے 30 سیکنڈ کے ویڈیو کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون کو ایک گڑھے میں ڈال کر اس پر مردوں کا ایک ہجوم پتھر برسا رہا ہے۔

حکام نے خاتون کی شناخت رخسانہ کے نام سے کی جبکہ اس کی عمر 19 سے 21 سال کے درمیان بتائی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعہ طالبان کے زیر اثر صوبے غور کے وسطی علاقے میں پیش آیا، جبکہ اس بات کی بھی تصدیق کی گئی ہے کہ ویڈیو بین الاقوامی براڈ کاسٹر ریڈیو فری یورپ/ ریڈیو لبرٹی کی جانب سے جاری کی گئی.

صوبہ غور کی خاتون گورنر سیما جویندا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’میڈیا میں نشر کی جانے والی ویڈیو رخسانہ سے متعلق ہے، جسے سنگسار کیا گیا۔‘

ترجمان نے بتایا کہ نوجوان مرد کو کوڑے لگانے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔

افغانستان کے دو صوبوں کی خواتین گورنروں میں سے ایک سیما جویندا کا کہنا ہے کہ رخسانہ کے خاندان نے اُس کی شادی اُس کی مرضی کے خلاف کی تھی، جس کے بعد وہ اپنے ہم عمر نوجوان کے ساتھ گھر سے بھاگ گئی تھی.

خاتون کو بعد ازاں پکڑ لیا گیا اور ناجائز تعلقات کے الزام میں سزا دی گئی۔

سیما جویندا نے خاتون کو سنگسار کیے جانے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلح گروپوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کرے۔

انھوں نے کہا کہ ’مذکورہ واقعہ ان کے علاقے میں پہلا ہے تاہم یہ آخری نہیں ہے۔‘

خاتون گورنر نے مزید کہا کہ ملک بھر میں خواتین مشکلات کا شکار ہیں تاہم صوبہ غور میں شدت پسندی تیزی سے پروان چڑھ رہی ہے۔

خیال رہے کہ ستمبر میں سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سر سے پاؤں تک نقاب میں ڈھکی ہوئی ایک خاتون پر اُس کے اطراف میں موجود مردوں کا ہجوم پتھرا مار رہا ہے۔

مذکورہ واقعے کے حوالے سے بتایا گیا کہ خاتون کو یہ سزا عدالت کی جانب سے ایک مرد کے ساتھ ’ناجائز تعلقات‘ رکھنے کے جرم میں دی گئی۔

طالبان کی جانب سے رخسانہ کو سنگسار کیے جانے کے واقعے پر کسی قسم کا مؤقف سامنے نہیں آیا.

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی افغانستان کے دارالحکومت کابل کے وسطی علاقے میں قرآن مجید کے نسخے کی مبینہ بے حرمتی کرنے کے الزام میں مظاہرین نے فرخندہ نامی خاتون کو تشدد کے بعد آگ لگا دی تھی جس سے وہ ہلاک ہوگئی تھی۔

مذکورہ واقعے کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جس نے افغانستان میں عورتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے انسانیت سوز مظالم کی توجہ اپنی جانب مبذول کی تھی.

تبصرے (5) بند ہیں

Anees Nov 04, 2015 12:42pm
This is wrong that you donot give rights to girl to choose their life partner.
Anees Nov 04, 2015 12:44pm
Before use of Islamic punishment give rights to girls to choose their life partner
حسن امتیاز Nov 04, 2015 04:31pm
افسوس ناک خبر ہے ۔ ہجوم کا خود عدالت لگانا اور خود سزا دینا انتہائی برا فعل ہے ۔ حکومت کی طرف قائم کردہ عدالتیں کاکام ہے کہ وہ کسی کو ملزم کو مجرم قرار دیں۔ مجھے نہیں معلوم کہ کسی اور مسلم ملک کی حکومت کی جانب سے یہ سزا دی جاتی ہے یا نہیں۔
AVARAH Nov 05, 2015 09:10am
pleAse confirm if the video is genuine.
AVARAH Nov 05, 2015 09:14am
@حسن امتیاز mob gives justice when there is no law in country or law enforcement agenies are week.