اسنیپ چیٹ فیس بک کے لیے بڑا خطرہ؟

09 نومبر 2015
فیس بک ڈیوائس — کریٹیو کامنز فوٹو
فیس بک ڈیوائس — کریٹیو کامنز فوٹو

فیس بک نے گزشتہ دنوں اعلان کیا تھا کہ اس سوشل میڈیا سائٹ پر روزانہ آٹھ ارب ویڈیوز دیکھی جارہی ہیں مگر اب اس کے لیے اسنیپ چیٹ کی شکل میں ایک بڑا حریف ابھر کر سامنے آرہا ہے۔

فیس بک نے 2013 میں اسنیپ چیٹ کو خریدنے کی کوشش کی تھی جو ناکام ثابت ہوئی اور اب دو سال بعد یہ فوٹو شیئرنگ سائٹ بہت تیزی سے دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے مدمقابل آرہی ہے۔

اسنیپ چیٹ میں روزانہ چھ ارب ویڈیوز دیکھی جارہی ہیں اور اس طرح وہ فیس بک سے کچھ ہی پیچھے رہ گئی ہے۔

یہ تعداد اس لیے بھی متاثر کن ہے کیونکہ رواں سال مئی میں یہ تعداد محض دو ارب روزانہ تھی اور صرف چھ ماہ کے اندر اس میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔

خیال رہے کہ یوٹیوب پر تیس سیکنڈ تک کسی ویڈیو کو دیکھنے کے بعد ہی گوگل اسے ایک ویو کی شکل میں گنتا ہے، فیس بک میں یہ وقت صرف تین سیکنڈ ہے جبکہ سنیپ چیٹ میں کسی ویڈیو کا لوڈ ہونا ہی ویو کہلاتا ہے۔

خیال رہے کہ اسنیپ چیٹ کے روزانہ صارفین کی تعداد دس کروڑ کے لگ بھگ ہے جو اسے فوٹو میسجز کے لیے استعمال کرتے ہیں جو ایک خاص وقت کے بعد خودکار طور پر ڈیلیٹ ہوجاتے ہیں۔

اس کے مقابلے میں فیس بک کے روزانہ صارفین کی تعداد ستمبر میں ریکارڈ ایک ارب تک جاپہنچی اور اس حوالے سے بھی ویڈیوز دیکھنے کی تعداد اسنیپ چیٹ میں کچھ زیادہ متاثر کن نظر آتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں