ویلیٹا: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے دنیا میں انسانی زندگی کو سنگین خطرات کا سامنا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق مالٹا میں موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں دولت مشترکہ کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور ہمالیہ کے گلیشیئر دنیا کے دوسرے حصوں کی نسبت انتہائی تیزی سے پگھل رہے ہیں۔

وزیراعظم نے خطاب کے دوران بتایا کہ پاکستان کو 2010 اور 2011 میں شدید سیلاب کا سامنا کرنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اُن ممالک میں شامل ہے جہاں زہریلی گیسوں کا اخراج انتہائی کم ہے. 'ہم موسمیاتی بگاڑ پر قابو پانے کے لیے ماحول دوست پالیسیوں پر عمل کررہے ہیں اور حکومت نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے جامع حکمت عملی اختیار کی ہے.'

وزیراعظم نواز شریف نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز پر قابو پانے کے لیے ترقی پذیر ملکوں کو تعاون فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کانفرنس کے فیصلوں پر پوری طرح عملدرآمد کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور دوسرے وسائل فراہم کرنے پر بھی زور دیا.

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق لائحہ عمل وضع کرنے والے متعلقہ رکن ممالک کا کنوکشن پیر کو پیرس میں ہوگا۔

وزیراعظم نوازشریف ان دنوں دولت مشترکہ سربراہان اجلاس میں شرکت کے لیے مالٹا میں موجود ہیں.

گذشتہ روز وزیراعظم نواز شریف نے برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمران اورفرانسیسی صدر فرانسو اولاندے سے ملاقات کی.

فرانسو اولاندے سے ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف نے پیرس میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کی اورکہا کہ دہشت گردی انسانیت کی مشترکہ دشمن ہے، انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں تعاون کی پیشکش بھی کی.

فرانسیسی صدر نے پاکستانی قوم کے جذبے اورحوصلے کو خراج تحسین پیش کیا۔

برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے افغانستان سمیت خطے کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نوازشریف نے دہشت گردوں کے خلاف پاکستانی افواج کی کارروائیوں سے بھی برطانوی وزیراعظم کو آگاہ کیا.

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امن کے لیے ہندوستان کے ساتھ پیشگی شرائط کے بغیر مذاکرات کے لیے تیارہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف اوربیگم کلثوم نواز کی میڈیٹرینین کانفرنس سینٹر آمد پر مالٹا کے وزیراعظم اور ان کی اہلیہ نے استقبال کیا.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں