کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق کراچی میں بلدیاتی الیکشن سے قبل مشترکہ ریلی نکال رہے ہیں۔

دونوں پارٹیوں نے 5 دسمبر کو شیڈول کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے لیے اتحاد کر رکھا ہے۔ آج عمران اور سراج الحق کراچی ایئر پورٹ پہنچے تو کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔

دونوں رہنما ؤں کی ریلی بذریعہ شاہراہ فیصل، نیپا اور حسن سکوائر مزار قائد پہنچے گی۔ اہم سڑکوں پر ریلی کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کے مطابق، پی ٹی آئی اور جے آئی کے پاس ریلی نکالنے کا اجازت نامہ نہیں۔’الیکشن کمیشن کو ریلی کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں سیاسی جماعتوں کے خلاف ضروری کارروائی کرنی چاہیے‘۔

تاہم، ریلی کے دوران عمران نے مختصر خطاب میں پوچھا ’کیا دنیا کا کوئی الیکشن کمیشن امیدوار کو اپنےعلاقے میں جانے سے منع کرتا ہے؟ الیکشن کمیشن بتائے کہ کیا عمران خان کو اپنا منشور بتانے کی اجازت نہیں؟‘۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں الیکشن کے اعلان کے ساتھ ہی کسان پیکج دیا گیا،کیاالیکشن کمیشن نے نوٹس لیا؟

سراج الحق نے ریلی کے دوران پانچ دسمبر کو کراچی میں انقلاب اور تبدیلی کا دن قرار دیا۔’ہم شہر میں بوری بند سیاست کا خاتمہ کریں گے۔ حکمرانوں نے کراچی کے ساتھ انصاف نہیں کیا، ہم نے سندھ کے تحفظ کی قسم کھائی ہے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں