اوم پوری پاکستانی فلم کا حصہ

08 جنوری 2016
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

بولی وڈ معروف اداکار اوم پوری بہت جلد پاکستانی فلم’ ایکشن ان لا‘ میں اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔

پاکستانی فلم ’نامعلوم افراد‘ کی کامیابی کے بعد ہدایت کار نبیل قریشی اور پروڈیوسر فضہ علی میرزا ایک بار پھر اپنی نئی فلم ’ایکشن ان لا‘ پر کام کر رہے ہیں جس میں پاکستانی اداکار فہد مصطفیٰ، علی خان اور مہوش حیات خان اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

مزید پڑھیں: ’ہندوستانی اکثریت پاکستان کے خلاف نہیں‘

اوم پوری نے اس سے قبل کئی فلموں میں پاکستانی کا کردار ادا کیے ہیں جن میں فلم ’ایسٹ از ایسٹ ویسٹ از ویسٹ‘ اور’ چارلی ولسن وار‘ شامل ہیں تاہم اوم پوری کی یہ پہلی پاکستانی فلم ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: اوم پوری کا لاہور کو خدا حافظ

کئی اور بولی وڈ اداکار بھی ہیں جنہوں نے پاکستانی فلموں میں شمولیت اختیار کی جن میں نصیر الدین شاہ (خدا کے لیے، زندہ بھاگ)، کرون کھیر (خاموش پانی) اورنندیتا داس (رامچند پاکستان) شامل ہیں۔

فلم کے ہدایت کار اور پروڈیوسر مے تاحال اس حوالے سے کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اوم پوری نے ڈان نیوز کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان متعدد بار آچکے ہیں اور لاہور کی ثقافت اور مہمان نوازی انہیں خاصی پسند ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں پاکستان کی تہذیب سے کم سے کم چالیس سال سے واقف ہوں، میں اپنی فلموں کے ذریعے پوری دنیا میں گھوما، ہندوستانی اور پاکستانی دنیا کے ہر کونے میں ملتے ہیں اور نہایت محبت سے پیش آتے ہیں‘۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں