صومالیہ: ایک اور ہوٹل پر الشباب کا حملہ،20ہلاک

اپ ڈیٹ 22 جنوری 2016
ہوٹل پر قبضہ ختم کرنے کیلئے کئی گھنٹے آپریشن جاری رہا — فوٹو: رائٹرز
ہوٹل پر قبضہ ختم کرنے کیلئے کئی گھنٹے آپریشن جاری رہا — فوٹو: رائٹرز

موغادیشو: افریقی ملک صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کے ایک اور ہوٹل پر شدت پسند تنظیم ’الشباب‘ کے حملے میں 20 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی نے پولیس حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ الشباب کے شدت پسندوں نے ساحلی ہوٹل پر حملے کرکے اس پر قبضہ کرلیا تاھ، تاہم گھنٹوں کے آپریشن کے بعد سیکیورٹی اداروں نے ان سے ہوٹل کا قبضہ چھڑا لیا۔

—فوٹو: اے پی
—فوٹو: اے پی

پولیس افسر کیپٹن محمد حسین کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی حکام نے علی الصبح دہشت گردوں کا قبضہ چھڑا کر اس کا دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا، تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہلاکتوں میں حملہ آور شامل ہیں یا نہیں۔

قبل ازیں الشباب کے شدت پسندوں نے ہوٹل میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔

یہ بھی پڑھیں : برکینا فاسو: ہوٹل پر حملے میں28 افراد ہلاک

خصوصی فورسز کے موقع پر پہنچنے کے بعد شدت پسندوں کا ان سے مقابلہ ہوا جس دوران ان کی جانب سے کئی دھماکے بھی کیے گئے۔

محمد حسین نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں آپریشن کے دوران ہوٹل میں پھنسے متعدد لوگوں کو ریسکیو کرلیا، حملے کے وقت ہوٹل میں ایک تقریب منعقد ہورہی تھی۔

—فوٹو: اے پی
—فوٹو: اے پی

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مسلح حملہ آوروں نے نعرے لگائے اور عام گاہکوں کی طرح ہوٹل میں داخل ہوئے، ہوٹل میں گھسنے سے قبل انہوں ساحل کے قریب موجود لوگوں پر بھی اندھا دھند فائرنگ کی۔

حملے کی ذمہ داری القاعدہ کی ذیلی شدت پسند تنظیم ’الشباب‘ نے اپنے آن لائن ریڈیو کے ذریعے قبول کی۔

مزید پڑھیں : مالی کے ہوٹل پر حملہ، 21 ہلاک

واضح رہے کہ الشباب نے گزشتہ ہفتے صومالیہ کے جنوب مغرب میں کینیا کے ایک فوجی بیس پر بھی حملہ کیا تھا۔

الشباب کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اس نے تقریباً 100 فوجیوں کو ہلاک کرکے ان کے ہتھیار اور گاڑیاں قبضے میں لے لیں۔

کینیا کے حکام نے پیس میکرز پر حملے کی تصدیق کی تاہم حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے حوالے سے نہیں بتایا۔

خیال رہے کہ پچھلے چند عرصے میں براعظم افریقا میں ہوٹلوں پر شدت پسند تنظیموں کے حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

تقریباً ایک ہفتے قبل مغربی افریقی ملک برکینا فاسو کے دارالحکومت اوگاڈوگو میں مغربی شہریوں اور اقوام متحدہ کے عملے کے زیرِ استعمال ہوٹل پر القاعدہ کے حملے میں 28 افراد ہلاک اور 58 زخمی ہوئے تھے۔

گزشتہ سال نومبر میں مالی کے دارالحکومت باماکو کے ریڈیسن بلو ہوٹل پر بھی حملہ کیا گیا تھا۔

ہوٹل پر دہشت گردوں کے حملے میں 14 غیر ملکیوں اور حملہ آوروں سمیت 21 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

حملے کی ذمہ داری افریقہ میں القاعدہ کے ماتحت کارروائیوں میں ملوث تنظیم 'المرابطون' نے قبول کی تھی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں