صومالیہ: دورانِ پرواز جہاز میں شگاف

03 فروری 2016
ٹیک آف کے چند منٹ بعد اچانک دھماکے سے شگاف پڑا— فوٹو: اے پی
ٹیک آف کے چند منٹ بعد اچانک دھماکے سے شگاف پڑا— فوٹو: اے پی

موغادیشو : صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو سے پرواز کرنے والے مسافر جہاز میں اچانک دھماکے سے شگاف پڑ گیا، جس کے بعد طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

امریکی خبر رساں ادارے ’اے پی‘ نے جہاز کے سربین پائلٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انہیں پہلے ایسا لگا جیسے جہاز میں دھماکا ہوا، تاہم خوش قسمتی سے جہاز میں زیادہ ہلچل نہیں ہوئی جس کے باعث اس کی لینڈنگ آسان رہی۔

— فوٹو: ٹوئٹر
— فوٹو: ٹوئٹر

ایوی ایشن کے ماہرین نے جہاز میں پڑنے والے شگاف کی تصاویر دیکھ کر کہا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ جہاز میں سوراخ دھماکا خیز مواد کے ذریعے کیا گیا۔

صومالیہ کے ایوی ایشن افسر علی محمد نے بتایا کہ جہاز میں عملے کے ارکان سمیت 74 افراد سوار تھے، جبکہ طیارے میں بڑا شگاف پڑنے سے 2 افراد معمولی زخمی ہوئے، تاہم طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ’ڈالو ایئر لائن‘ کے موغادیشو سے افریقی ملک جبوتی جانے والے طیارے کو ٹیک آف کے چند منٹ بعد ہی شگاف پڑنے کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑا۔

جہاز میں موجود اقوام متحدہ میں صومالیہ کے نائب سفیر اوالے کُلانے کا فیس بک پر کہنا تھا کہ دوران پرواز انہوں نے اچانک ایک زوردار آواز سنی جس کے بعد طیارے میں دھواں بھر گیا، دھواں کے بعد انہوں دیکھا کہ جہاز میں بڑا شگاف پڑ گیا ہے۔

اگرچہ صومالیہ کے ایوی ایشن حکام نے واقعے میں صرف 2 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی، لیکن اس حوالے سے بھی غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ شگاف سے جہاز کا مسافر گرگیا تھا.

جائے وقوع کے قریبی قصبے ’بَلد‘ کے پولیس آفیسر محمد حسان نے کہا کہ مقامی آبادی کو ایک ادھیڑ عمر شخص کی لاش ملی ہے، جو شائد جہاز سے گر کر ہلاک ہوا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں