251روپے میں دنیا کا سستا ترین اسمارٹ فون متعارف

اپ ڈیٹ 19 فروری 2016
یہ موبائل فون ہندوستانی کمپنی رنگنگ بیلز نے متعراف کروایا ہے — فوٹو : اے پی
یہ موبائل فون ہندوستانی کمپنی رنگنگ بیلز نے متعراف کروایا ہے — فوٹو : اے پی

نئی دہلی: ہندوستان میں دنیا کا سب سے سستا ترین اسمارٹ فون متعارف کروانے والی کمپنی کی ویب سائٹ 'آڈرز اوپن' کرنے کے کچھ سیکنڈز کے بعد کریش کر گئی.

کمپنی کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ پر تقریبآ 6 لاکھ افراد فی سیکنڈ کے حساب سے خریداری کے لیے آ رہے تھے جس کی وجہ سے ان کے سرورز ڈاؤن ہوئے.

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 'رنگنگ بیلز' نامی ہندوستانی کمپنی نے دنیا کا سب سے سستا ترین اسمارٹ فون فریڈم 251 (Freedom251) متعارف کروایا ہے جس کی قیمت صرف 251 روپے ( 4 امریکی ڈالر یا 400 پاکستانی روپے) ہے۔

کمپنی 25 لاکھ آرڈر آن لائن لے گی — فوٹو : اے پی
کمپنی 25 لاکھ آرڈر آن لائن لے گی — فوٹو : اے پی

اس انڈرائیڈ اسمارٹ فون کے تمام فیچرز کسی بھی 3 جی ٹیکنالوجی فون سے مطابقت رکھتے ہیں، اس کا وزن بھی نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ اس کی اسکرین 4 انچ کی ہے، اس میں 1.3 کوارڈ کور پروسیسر کے ساتھ ساتھ 1-GB ریم ہے، جبکہ اس کی انٹرنل میموری 8-GB ہے اور یہ 32-GB تک بیرونی میموری کارڈ کو بھی سپورٹ کرتا ہے، اس میں 5.1 ورژن کا انڈرائیڈ سافٹ وئیر بھی موجود ہے۔

موبائل میں 2 کیمرے نصب ہیں، جس میں پرائمری کیمرہ 3.2 میگا پکسل جبکہ سیکنڈری کیمرہ 3 میگا پکسل کا ہے، 1450MAH کی بیٹری سے اس کو 24 گھنٹے تک استعمال کیا جا سکتا ہے، اس میں وائی فائی اور بلوٹوتھ سمیت تمام فیچرز دیئے گئے ہیں جبکہ کمپنی کی جانب سے اس کی ایک سال کی وارنٹی بھی دی جا رہی ہے۔

ٹیکنالوجی ماہرین حیران ہیں کہ اتنا سستا موبائل فون کیسے بنایا گیا ہے — فوٹو : اے پی
ٹیکنالوجی ماہرین حیران ہیں کہ اتنا سستا موبائل فون کیسے بنایا گیا ہے — فوٹو : اے پی

یاد رہے کہ قبل ازیں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ 'رنگنگ بیلز' جو اسمارٹ فون متعارف کروا رہی تھی، اس کی قیمت 500 روپے ہوگی لیکن کمپنی نے تمام اندازوں کو بلکل غلط ثابت کرتے ہوئے صرف 251 روپے کا موبائل فون متعارف کروایا ہے۔

کمپنی کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ آئندہ 12 ماہ میں وہ ہندوستان میں اسمارٹ فونز کے 40 فیصد مارکیٹ شیئر حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے.

ہندوستانی اسمارٹ فون موبائل کے ماہرین اور تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یہ موبائل کمپنی زیادہ عرصے تک اتنا سستا موبائل فون نہیں بنا سکے گی کیونکہ اس طرح کے کسی بھی موبائل فون پر آنے والی لاگت 2000 روپے یا 30 ڈالر ہے، لہذا یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے کہ 251 روپے یا 4 ڈالر میں موبائل فون بنایا جا سکے۔

حکومت بھی اس معاملے کو دیکھ رہی ہے جبکہ اس بات کی یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ جب تک کوئی غلط کام سامنے نہیں آئے گا حکومت اس سلسلے میں کوئی مداخلت نہیں کرے گی کیونکہ خود حکومتی حکام کا خیال ہے کہ ایسا اسمارٹ فون 2300 روپے سے کم میں فروخت کرنا ممکن نہیں ہے۔

دوسری جانب دنیا کا سستا ترین موبائل فون بنانے والی ہندوستانی کمپنی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ فریڈم 251 متعارف کرواتے ہی ان کی ویب سائٹ پر صارفین کی اتنی بڑی تعداد آئی کہ فی سیکنڈ 60 لاکھ افراد نے ویب سائٹ پر کلک کیا جس کی وجہ سے ویب سائٹ بند کرنی پڑی اور آرڈر لینے سے معذرت کرلی گئی.

اکنامک ٹائمر کی رپورٹ کے مطابق 'رنگنگ بیلز' کے ڈائریکٹر موہت گوال کا کہنا تھا کہ کمپنی اب تک 30 ہزار آرڈر بل کر چکی ہے۔

کمپنی کو ملنے والے 30 ہزار آرڈرز کے بعد اسے 75 لاکھ 30 ہزار ریونیو حاصل ہو گا جبکہ موبائل ارسال کرنے کے لیے 40 روپے شپنگ کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں، اس طرح مجموعی طور پر کمپنی کو 87 لاکھ 30 ہزار روپے وصول ہوئے۔

کمپنی ڈائریکٹر موہت گوال کا کہنا تھا کہ کمپنی مجموعی طور 50 لاکھ موبائل فونز کا آرڈر لے گی جس میں 25 لاکھ آرڈرز آن لائن لیے جائیں گے دیگر 25 لاکھ آرڈرز آف لائن ہوں گے۔

واضح رہے کہ رنگنگ بیلز کی جانب سے آرڈرز لینے سے معذرت پر صارفین کی جانب سے شدید رد عمل بھی ظاہر کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر اس حوالے سے انتہائی دلچسپ تبصرے سامنے آئے۔

ایک صارف نے دکھایا کہ ایک بندر آرڈر کرنا چاہ رہا ہے لیکن ویب سائٹ بند ہونے پر وہ اپنا لیپ ٹاپ پٹخ دیتا ہے۔

ایک اور شخص نے سلمان خان کو فریڈم 251 کی آمد پر خوشی اور ویب سائٹ کی بندش پر غم کا اظہار کرتے ہوئے دکھایا.

چکا پیکا ریکا نے تو اپنا پرانا موبائل ہی دیوار پر دے مارا۔

ایشوریا نامی ایک لڑکی نے لوگوں کی بے تابی دکھانے کی کوشش کی۔

پریم چند نے اس مضحکہ خیز صورتحال کی نشاندہی کی کہ 3-G اسمارٹ فون 251 روپے کا ہے جبکہ اس میں کروایا جانے والے ایک جی بی کا 3-G پیکج 300 روپے کا ہے۔

دوسری جانب مسٹر فقرا نے کمپنی کی جانب سے ویب سائٹ کی بندش کو معافی سے تعبیر کرنے کی کوشش کی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں