ہندوستان: مندر میں آتشزدگی سے 110 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 10 اپريل 2016
آتشزدگی کا واقعہ رات 3 بجے پیش آیا — فوٹو : اے پی
آتشزدگی کا واقعہ رات 3 بجے پیش آیا — فوٹو : اے پی

کیرالہ : ہندوستان کی ریاست کیرالا کے ایک مندر میں خوفناک آتشزدگی سے 110 افراد ہلاک اور 350 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ہندوستان اخبار دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق کیرالہ کے ضلع کولام میں پراور پوتنگل دیوی کے مندر میں سالانہ تقریب کے موقع پر آتش بازی کا اہتمام کیا گیا تھا، اس سالانہ مذہبی تقریب میں رات بھر آتش بازی کا مظاہرہ کیا جانا تھا۔

ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب آتش بازی کے مظاہرے کے لیے ایک اندازے کے مطابق 10ہزار سے زائد افراد جمع تھے۔

فوٹو: بشکریہ دی ہندو
فوٹو: بشکریہ دی ہندو

اسی دوران 3:30 بجے آتش بازی کے سامان کے گودام میں کسی چنگاری کے باعث آگ لگ گئی جس نے بہت تیزی خوفناک آتشزدگی کی شکل اختیار کر لی ہے، اس آگ کی لیپٹ میں مجمع کا بڑا حصہ آ گیا۔

آتش بازی کے سامان میں دھماکوں سے مندر کے قریب واقع سرکاری عمارت بھی مکمل طور پر منہدم ہو گئی۔

آتش زدگی سے کئی افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ سیکڑوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ہندوستانی خبر رساں ادارے ٹائمز آف انڈیا نے رپورٹ کیا کہ آگ سے 110 افراد ہلاک ہوئے۔

دی ہندو نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 350 سے زائد زخمیوں کو ضلع کولام کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

کیرالا کے وزیراعلی اومن چندی نے وزیرا عظم نریندر مودی کو فون کیا اور ریسکیو آپریشن میں مرکزی حکومت کی مدد طلب کی۔

وزیراعظم نریندر مودی نے مرنے والوں اور زخمیوں کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

نریندی مودی کی جانب سے ہلاک شدگان کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ جبکہ زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے امداد کا بھی اعلان کیا گیا.

دوسری جانب مندر کے قریب سے بڑے پیمانے پر ڈائنامائٹ بھی برآمد ہوئے۔

مقامی میڈیا اور شہریوں کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ اتنی بڑی تعداد میں ڈائنامائٹ مندر میں کس لیے رکھے گئے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مندر میں آتش بازی کی اجازت نہ دیئے جانے کے باوجود آتش بازی کی گئی، پولیس نے مندر کے مینجر، دیگر 2 افسران اور آتش گیر مادہ فراہم کرنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں