لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی

10 اپريل 2016
شیلنگ اور فائرنگ کا سلسلہ 5 گھنٹے جاری رہا — فائل فوٹو : رائٹرز
شیلنگ اور فائرنگ کا سلسلہ 5 گھنٹے جاری رہا — فائل فوٹو : رائٹرز

راولپنڈی : ہندوستان کی جانب سے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ہندوستان کی جانب سے نیزا پیر سیکٹر میں فائرنگ کی گئی۔

فائرنگ اور گولہ باری میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے— رائٹرز فوٹو
فائرنگ اور گولہ باری میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے— رائٹرز فوٹو

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہندوستانی فورسز کی جانب سے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب 11:40 پر بھاری ہتھیاروں سے بلا اشتعال شیلنگ کا سلسلہ شروع ہوا، اس دوران چھوٹے ہتھیاروں سے بھی فائرنگ کی گئی، جبکہ فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ صبح 4:45 تک جاری رہا۔

فوج کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاک آرمی نے بھی بلا اشتعال فائرنگ کا بھر پور جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں کسی بھی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

ہندوستانی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق ہندوستانی فوج کی جانب سے بھی دعویٰ کیا گیا کہ پاکستانی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی اور کشمیر میں شاہ پور سیکٹر میں شیلنگ کی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر 6 ماہ بعد فائرنگ یا شیلنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہندوستانی فورسزکی فائرنگ سے6پاکستانی زخمی

یاد رہے کہ 25 اکتوبر 2015 کو ہندوستانی فورسز کی جانب سے کی جانے والی بلا اشتعال فائرنگ پاکستان میں سیالکوٹ کے شکرگڑھ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کے باعث 6 پاکستانی زخمی ہوئے تھے جبکہ ہندوستانی فوج کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ پاکستان رینجرز نے بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی 14 چوکیوں کو نشانہ بنایا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس متعدد بار ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر دونوں ممالک کی فورسز میں متعدد بار شیلنگ اور فائرنگ کے واقعات پیش آئے تھے، ان واقعات میں فوجیوں کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی نشانہ بنے تھے جبکہ جانی نقصان کے علاوہ بڑے پیمانے پر مالی نقصانات بھی ہوئے تھے۔

پاکستان نے نئی دہلی سے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر کئی باراحتجاج بھی کیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

منیر چوہدری Apr 11, 2016 06:32am
دونوں ملکوں کے درمیان امن باہمی کا تصور بہت دور جا چکا ہے۔ بارڈر کے دونوں طرف ایک دوسرے کے خلاف نفرت کی اَگ بھڑکانے والوں میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ پاکستان میں ممتاز قادری کی پھا نسی کے بعد تشدد پسندوں نے اپنی قوت کی صرف جھلک دکھائی ہے۔ آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔ الحفیظ الامان۔