فاسٹ فوڈ کھانے کے شوقین ہیں؟

13 اپريل 2016
یہ انتباہ امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا— رائٹرز فائل فوٹو
یہ انتباہ امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا— رائٹرز فائل فوٹو

اگر آپ فاسٹ فوڈ کھانے کے شوقین ہیں تو بری خبر یہ ہے کہ یہ عادت آپ کی صحت کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔

یہ انتباہ امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

جارج واشنگٹن یونیورسٹی کے محققین کی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جنک فوڈ کا زیادہ استعمال کرنے والے افراد انتہائی مضر صحت کیمیکلز جیسے phthalates کے شکار ہوسکتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جن لوگوں کو برگر، فرائیڈ چکن یا ایسے ہی فاسٹ فوڈ پسند ہیں ان کے جسم میں phthalates کی سطح 40 فیصد زیادہ ہوسکتی ہے۔

محققین کے مطابق یہ نتائج تشویشناک ہیں کیونکہ phthalates بچوں اور بڑوں دونوں میں متعدد سنگین امراض کا باعث بن سکتا ہے۔

phthalates درحقیقت ایک صنعتی کیمیکل ہے جسے فوڈ پیکجنگ میٹریل اور فاسٹ فوڈ کی تیاری کے لیے دیگر اشیاءمیں استعمال کیا جاتا ہے۔

تحقیق کے دوران فاسٹ فوڈ شوقین افراد کا معائنہ کیا گیا تو ان میں اس کیمیکل کی سطح میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

امریکا مین اس کیمیکل کو 2008 میں بچوں کے کھلونوں کی تیاری کے لیے استعمال کرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی کیونکہ اس سے صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ بہت زیادہ فاسٹ فوڈ کھانا عادت بنالینا ویسے بھی صحت کے لیے زیادہ بہتر آپشن نہیں کیونکہ اس میں بہت زیادہ چربی، نمک اور کیلوریز شامل ہوتے ہیں جو موٹاپے، ذیابیطس سمیت مختلف امراض کا باعث بن سکتے ہیں۔

مختلف طبی تحقیقی رپورٹس میں phthalates کے باعث انسانوں میں دمہ، آٹزم اور بریسٹ کینسر سمیت متعدد امراض کا خطرہ بتایا جاچکا ہے۔

محققین کے مطابق ہمارا جسم اس کیمیکل کو ہضم نہیں کرپاتا اور یہ ہارمونز کے نظام کو نقصان پہنچا کر مختلف امراض کا باعث بنتا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں