موریشس کی پہلی خاتون صدر کی پاکستان آمد

اپ ڈیٹ 21 اپريل 2016
ڈاکٹر امینہ فردوس موریشس کی پہلی خاتون صدر ہیں — فوٹو: بشکریہ فیس بک
ڈاکٹر امینہ فردوس موریشس کی پہلی خاتون صدر ہیں — فوٹو: بشکریہ فیس بک

کراچی: موریشس کی صدر ڈاکٹر امینہ گوریب فاکم پاکستان کے 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے مہمان صدر امینہ گوریب فاکم کا استقبال کیا، اس موقع پر سندھ اسمبلی کے ارکان بھی موجود تھے۔

موریشس کی صدر کے ہمراہ 8 رکنی وفد بھی ہے، ان کی صدر ممنون حسین سے ملاقات طے ہے۔

ڈاکٹر امینہ گوریب فاکم کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں اقتصادی و تجارتی تعلقات کے فروغ، توانائی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق بعد ازاں ماریشس کی صدر ڈاکٹرامینہ اسلام آباد روانہ ہوئیں جہاں ہوائی اڈے پر وزیر مملکت آئی ٹی انوشہ رحمٰن نے ان کا استقبال کیا۔

ڈاکٹر امینہ گوریب فاکم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ موریشس کی پہلی خاتون صدر منتخب ہوئیں۔

موریشس نے 1968 میں برطانوی راج سے آزادی حاصل کی جبکہ 1992 میں برطانوی ملکہ الزبتھ کی جگہ پہلی بار ملک کا سربراہ مقامی شخص منتخب کیا گیا۔

افریقی ملک موریشس براعظم میں امیر ملک شمار ہوتا ہے جبکہ اس میں بدعنوانی کی شرح بھی انتہائی کم ہے۔

موریشس کی معیشت کا بڑا حصہ چینی کی برآمد، بیرونی خدمات اور مالی معاملات میں معاونت پر مشتمل ہے جبکہ سیاحت بھی مرکزی شعبوں میں شمار ہوتی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

ahmaq Apr 17, 2016 07:00pm
welcome