پنجرے میں بچہ گرنے پر گوریلا جان سے گیا
امریکا کے شہر سنسناٹی کے چڑیا گھر میں ایک بچے کو بچانے کے لیے حکام نے نایاب ہوتی نسل کے گوریلا کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
مذکورہ چار سالہ بچہ تمام رکاوٹیں عبور کرتا ہوا گوریلا کے پنچرے اور لوگوں کے دیکھنے کی جگہ کے درمیان بنی ایک خندق میں جا گرا۔
گوریلا نے خندق میں بچے کو پکڑ کر گھسیٹنا شروع کر دیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔
چڑیا گھر کے حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے 17 سالہ 400 پاؤنڈ وزنی گوریلا کو گولی مارنے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ بچے کی جان کو خطرہ تھا۔
چڑیا گھر نے اس واقعے کے بعد گوریلا کے لیے قائم جگہ کو عام لوگوں کے لیے بند کر دیا ہے۔
اس تمام تر واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چار سالہ بچہ تقریباً دس فٹ گہری خندق میں گرا جس کے بعد اسے گوریلا نے پکڑا کر گھسیٹا۔
بچے کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
چڑیا گھر کے ڈائریکٹر کے مطابق حکام نے ایک مشکل فیصلہ کیا مگر یہ ایک درست فیصلہ تھا کیونکہ اس سے ایک بچے کی جان بچی۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم اس واقعے کی وجہ سے ایک نایاب ہوتی نسل کے گوریلا کے ہلاکت پر افسردہ ہیں۔یہ چڑیا گھر اور گوریلا کی دنیا بھر میں آبادی کے لیے ایک بڑا نقصان ہے'۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے چلی کے ایک چڑیا گھر میں دو شیروں کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا جب ایک شخص مبینہ طور پر خودکشی کرنے کے لیے ان کے پنجرے میں جا گھسا تھا۔
تبصرے (1) بند ہیں