وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ جو لوگ بڑی بڑی گاڑیوں میں اسلحے کی نمائش کرتے ہیں، ان کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کراچی میں سی ایم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہتھیاروں کی نمائش کی گئی تو سخت سے سخت کارروائی ہوگی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اسکولوں میں منشیات فروش کرنے والوں کے حوالے سے قانون سازی کی جائےگی، وفاقی اور صوبائی حکومت نے منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں کے برے دن شروع ہو گئے ہیں، باز نہیں آئے تو ان کا حشربرا ہونے والا ہے، غیر قانونی تارکین وطن کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے، جہاں تحفظ لیتے ہیں، ان جگہوں کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیاگیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی پولیس افسر پر حملے کا ایک ملزم ایک مدرسے کا معلم تھا، اس پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، اس طرح کے حملے میں معلم کا ملوث ہونا تشویش کی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے واضح ہدایات دی ہیں کہ ڈاکوؤں کا کوئی بھی سہولت کار ہو، اس سے نرمی نہیں برتی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کوئی بھی مجرموں کی سرپرستی کرے گا، اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، اسٹریٹ کرائم پر پولیس اور رینجرز کارروائیاں کر رہے ہیں، پولیس نیک نیتی کے ساتھ وزیر اعلی کے ہدایات کے مطابق محنت کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف قومی پالیسی کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں