ریاض: سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا جس کے بعد پہلا روزہ پیر کو رکھا جائے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق حجاس مقدس میں رمضان کی مناسبت سے آج سے تراویح بھی شروع ہوجائیں گی۔

اس کے علاوہ انڈونیشیا اور ملائیشیا میں بھی چاند دیکھا جاچکا ہے اور پیر کو وہاں بھی پہلا روزہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: رواں سال ایک ساتھ رمضان شروع ہونے کا امکان

سعودی عرب میں چاند دیکھے جانے کے بعد پاکستان میں کل چاند نظر آنے کی توقع ہے جس کے بعد ملک میں پہلا روزہ منگل کو ہونے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک اور عیدالفطر کے چاند کے معاملے پر تقریباً ہر سال تنازعات سامنے آتے رہے ہیں جہاں پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی جانب سے ہر سال مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلانات کے برعکس ایک دن قبل ہی چاند دیکھنے کا اعلان کیا جاتا رہا ہے ہے۔

تاہم اس مرتبہ حکومتی کوششوں کے بعد ملک میں ایک ہی دن ماہ رمضان کا آغاز ہونے کا امکان ہے، پشاور کی مسجد قاسم خان کے مہتمم مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے قبل اپنی کمیٹی کا اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان کا چاند دیکھنےکیلئے پشاور میں اجلاس پر غور

گذشتہ برس بھی مفتی پوپلزئی کی جانب سے عید الفطر 17 جولائی جمعہ کو منانے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ ملک بھر میں عیدالفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ایک روز بعد اسلام آباد میں ہوا اور کمیٹی کے اعلان کے مطابق ملک کے دیگر حصوں میں عید ہفتہ 18 جولائی 2015 کو منائی گئی، اسی طرح رمضان کے پہلے روزے کے حوالے سے بھی دونوں میں اختلاف سامنے آیا تھا۔

مفتی پوپلزئی موصول ہونے والی شہادتوں کو، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے رد کیے جانے کو خیبر پختونخوا سے زیادتی کے مترادف قرار دیتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا: بعض علاقوں میں آج عید

دوسری جانب یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے جدید سائنسی حسابات کے مطابق ہوتے ہیں جبکہ مسجد قاسم علی خان کے فیصلے اکثریتی طور پر سائنسی اعتبار سے ناممکن ہوتے ہیں۔ سائنس کی مدد لیے بغیر چاند نظر آنے یا نہ آنے کا بالکل درست فیصلہ کرنا چونکہ مشکل ہے، اس لیے مسجد قاسم علی خان کے فیصلے اگر غلط نہ بھی ہوں، تب بھی مشتبہ ہوتے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں