فواد نے’گستاخیاں‘ میں عرفان خان کی جگہ لے لی؟

15 جون 2016
بولی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور پاکستانی اداکار فواد خان — فوٹو/ فائل
بولی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور پاکستانی اداکار فواد خان — فوٹو/ فائل

پاکستانی اداکار فواد خان بولی وڈ میں ایک کے بعد ایک بہترین فلموں میں کام کررہے ہیں اور اب خبریں ہیں کہ انہوں نے سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’گستاخیاں‘ میں معروف اداکار عرفان خان کی جگہ لے لی ہے۔

اس سے قبل رپورٹس تھیں کہ سنجے لیلا بھنسالی ہندوستانی شاعر ساحر لدھیانوی کی زندگی پر فلم بنانے جارہے ہیں جس میں عرفان خان مرکزی کردار ادا کرنے والے تھے، تاہم اب سننے میں آرہا ہے کہ یہ کردار فواد خان کو مل گیا ہے۔

فلم فیئر کی ایک رپورٹ کے مطابق فواد خان اور پرنیتی چوپڑا فلم ’گستاخیاں‘ میں ایک ساتھ پہلی مرتبہ کام کرتے نظر آئیں گے۔

اس فلم کی کہانی ہندوستانی شاعر ساحر لدھیانوی کی زندگی پر مبنی ہے جس میں ان کی امریتا پریتم کے ساتھ رومانوی زندگی کو پیش کیا جائے گا۔

فلم میں ساحر کی 20، 40 اور 50 سالہ عمر کا دور دکھایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: عرفان-دپیکا ایک اور فلم میں کاسٹ

ذرائع کے مطابق فلم ساز کا ماننا ہے کہ فواد خان، ساحر کی نوجوانی کی زندگی کا کردار کرنے کے لیے عرفان خان سے بہتر انتخاب ہیں جس کے بعد اس فلم کے لیے ان سے رابطہ کیا گیا۔

دوسری جانب اس فلم میں ہیروئن کے کردار کے لیے پہلے دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا کا نام سامنے آرہا تھا تاہم مصروف شیڈول کے باعث یہ کردار اب پرینیتی کے حصے میں آگیا ہے۔

اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز رواں سال ستمبر میں کیا جائے گا۔

جب تک ہم کسی آفیشل اعلان کا انتظار کر رہے ہیں، آپ بتائیں کہ آپ کو فواد خان اور پرینیتی چوپڑا کی جوڑی کیسی لگے گی؟


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Khurram khan Jun 16, 2016 12:02pm
Fawad Jiss kay sath bhi aye ga Film aur Fame dono he buna dayga......