روسی جھیل میں کشتی ڈوب جانے سے 11 بچے ہلاک

اپ ڈیٹ 19 جون 2016
روسی حکام کی جانب سے واقعے کے مقام کی جاری کی جانے والی تصویر — فوٹو: اے پی
روسی حکام کی جانب سے واقعے کے مقام کی جاری کی جانے والی تصویر — فوٹو: اے پی

ماسکو: روس کے شمالی علاقے کی ایک جھیل میں موسم کی خرابی کے باعث ایک کشتی ڈوب گئی جس کے نتیجے میں 11 بچوں سمیت 12 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے پی پی نے روسی نیوز ایجنسی آر آئی اے نوووسٹی کے حوالے سے خبر دی ہے کہ مذکورہ واقعہ روس کے دارالحکومت ماسکو سے 1,000 کلومیٹر شمال میں موجود علاقے کاریلیا میں ایک جھیل سیاموزیرو میں پیش آیا۔

روسی تحقیقاتی کمیٹی (آر آئی سی) کے ترجمان ویلادمیر مارکن نے بتایا کہ واقعے میں 11 بچے اور ان کا ایک انسٹرکٹر ہلاک ہوا ہے۔

ایمرجنسی صورت حال کی مقامی وزارت کا کہنا تھا کہ بچوں کا ایک گروپ دو کشتیوں پر سوار تھا کہ ان میں سے ایک کشتی طوفان کی زد میں آگئی۔

روسی بچوں کے حقوق کے محتسب پاویل اسٹاکوف نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے بظاہر بچوں نے جان بچانے والی جیکٹ نہیں پہن رکھی تھیں۔

ٹاس نیوز ایجنسی نے ایمرجنسی سروس کے مقامی ادارے کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں 12 سے 15 سال کے درمیان ہیں اور وہ قریب میں قائم ایک سمر کیمپ میں شریک تھے۔

ایمرجنسی صورت حال کی مقامی وزارت نے آر آئی اے نوووسٹی کو بتایا کہ مذکورہ واقعہ میں 36 افراد کو بچالیا گیا تاہم 4 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

واقعے کے وقت جھیل میں موجود افراد کی اصل تعداد کی بارے معلومات نہیں مل سکی ہیں۔

اس سے قبل ماسکو کے میئر نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ واقعے میں 10 بچے ہلاک ہوئے۔

روسی تحقیقاتی کمیٹی نے اعلان کیا کہ انھوں نے واقعے میں کسی بھی قسم کی مبینہ لاپرواہی اور مجرمانہ غفلت کی تفتیش کیلئے ایک مقدمہ قائم کردیا ہے۔

کمیٹی نے مزید بتایا کہ سمر کیمپ کے ایک انسٹرکٹر کو حراست میں لے کر پوچھ گجھ کا آغاز کردیا گیا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں