کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 4 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق پہلا حملہ کوئٹہ میں سریاب روڈ پر کچھی بیگ کے علاقے میں ہوا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کی، جس سے دو پولیس اہلکارہلاک ہوگئے۔

دونوں پولیس اہلکاروں کو متعدد گولیاں لگی جبکہ واقعے میں ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا۔

دوسرا حملہ ہزار گنجی کے علاقے میں ایک پولیس وین پر ہوا، جس میں نامعلوم مسلح افراد نے اسٹیشن ہاوس افسر (ایس ایچ او) کی گاڑی پر فائرنگ کی، جس سے افسر کا پولیس گارڈ اور ڈرائیور ہلاک ہوگئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ دونوں واقعات میں حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

دونوں واقعات میں ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے کوئٹہ کے سول ہسپتال منتقل کی گئیں۔

یاد رہے کہ کسی بھی تنظیم یا گروپ نے پولیس اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

خیال رہے کہ ماضی میں صوبہ بلوچستان میں مختلف کالعدم تنظیمیں، سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں پر حملوں میں ملوث رہی ہیں جبکہ گذشتہ ایک دہائی سے صوبے میں فرقہ وارانہ قتل و غارت میں اضافہ ہوا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں