کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 4 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

ایف سی ترجمان خان واسع کے مطابق نامعلوم ملزمان نے ڈبل روڈ کے علاقے میں ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار موقع پر ہی ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔

زخمی اہلکار کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم تور گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں فائرنگ سے چار پولیس اہلکار ہلاک

خان واسع کا کہنا تھا کہ ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے جو فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

ڈپٹی انسپیکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس چوہدری منظور سرور کا کہنا تھا کہ واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ کا معلوم ہوتا ہے، جبکہ گزشتہ روز پولیس پر حملے اور آج کے واقعے کا ایک دوسرے سے تعلق ہے۔

واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

کوئٹہ میں ہی گزشتہ روز پولیس پر بھی فائرنگ کے دو واقعات میں 4 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ میں سی ٹی ڈی اہلکار فائرنگ سے ہلاک

پولیس پر فائرنگ کا پہلا واقعہ سریاب روڈ پر کچھی بیگ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے 2 پولیس اہلکارہلاک ہوئے۔

دوسرا حملہ ہزار گنجی کے علاقے میں کیا گیا، جس میں نامعلوم مسلح افراد نے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کی گاڑی پر فائرنگ کی، جس سے افسر کا پولیس گارڈ اور ڈرائیور ہلاک ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں لاء کالج کے پرنسپل قتل

خیال رہے کہ ماضی میں صوبہ بلوچستان میں مختلف کالعدم تنظیمیں، سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں پر حملوں میں ملوث رہی ہیں جبکہ گذشتہ ایک دہائی سے صوبے میں فرقہ وارانہ قتل و غارت میں اضافہ ہوا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

SMH Jun 29, 2016 09:27pm
صرف لمبے چوڑے اونچے دعوے،، کاش ہمارے لیڈر اور فیصلہ سازمحب وطن،ایمانداد، عوام دوست ہوتے!